Wednesday , September 19 2018
Home / شہر کی خبریں / ٹی آر ایس پلینری کی قراردادوں کی تیاری

ٹی آر ایس پلینری کی قراردادوں کی تیاری

کیشو راؤ کی صدارت میں اجلاس
حیدرآباد۔/14 اپریل، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے 27 اپریل کو پلینری سیشن میں پیش ہونے والی قراردادوں کی تیاری کے سلسلہ میں رکن راجیہ سبھا کے کیشو راؤ کی صدارت میں قرارداد کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف موضوعات پر قراردادوں کی تیاری کے سلسلہ میں تجاویز طلب کی گئیں۔ بعد میں ڈاکٹر کیشو راؤ نے بتایا کہ قراردادوں کی تیاری کا کام شروع ہوچکا ہے۔ کتنی قراردادیں ہوں گی اس بارے میں ابھی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ فلاحی اقدامات میں تلنگانہ ملک میں سرفہرست ہے اور دیگر ریاستیں تلنگانہ کی اسکیمات کو اختیار کرنے میں دلچسپی دکھارہی ہیں۔ ٹی آر ایس پلینری میں فلاحی شعبہ کو ترجیح دی جائے گی اور حکومت کی اسکیمات پر قراردادوں کے علاوہ تفصیلی مباحث بھی ہوں گے۔ زراعت، تعلیم، صحت اور صنعتی شعبہ میں تلنگانہ کی ترقی کا احاطہ کرتے ہوئے مباحث ہوں گے۔ قومی سیاست میں تبدیلی کیلئے کے سی آر نے جو اپیل کی ہے اس پر پلینری غور کرے گی اور ہم خیال جماعتوں کی تائید کے حصول کے سلسلہ میں قائدین اظہار خیال کریں گے۔ مرکز اور ریاستوں کے درمیان تعلقات کے مسئلہ پر بھی مباحث ہوں گے۔ دیہی علاقوں میں قبائیلی تانڈوں کو پنچایتوں کا درجہ دیئے جانے کو مباحث کے موضوعات میں شامل کیا گیا ہے۔ کیشو راؤ نے بتایا کہ قومی اور ریاستی صورتحال پر سیاسی قرارداد پیش کی جائے گی۔ آئندہ دو دنوں میں قراردادوں کے مسودہ کو قطعیت دے دی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ پلینری کی قراردادیں نہ صرف عوام کیلئے فائدہ مند بلکہ ریاست کی ترقی میں معاون ثابت ہوں گی۔ قرارداد کمیٹی کے رکن و ایم ایل سی ٹی راجیشور ریڈی نے کہا کہ ریاست میں جن شعبہ جات میں انقلابی تبدیلیاں واقع ہوئی ہیں ان پر پلینری میں مباحث ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس پلینری ملک کیلئے نئی راہ کا تعین کرے گی۔

TOPPOPULARRECENT