Friday , June 22 2018
Home / شہر کی خبریں / ٹی آر ایس کا پلینری اجلاس، سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کی سمت پیش قدمی

ٹی آر ایس کا پلینری اجلاس، سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کی سمت پیش قدمی

اقلیتوں کو ٹی آر ایس حکومت پر اعتماد، رکن پارلیمنٹ ٹی آر ایس بی سمن کا بیان

اقلیتوں کو ٹی آر ایس حکومت پر اعتماد، رکن پارلیمنٹ ٹی آر ایس بی سمن کا بیان
حیدرآباد۔/23اپریل، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ بی سمن نے کہا کہ پارٹی کے کل سے شروع ہونے والے پلینری سیشن میں سنہری تلنگانہ کی تشکیل کی سمت پیش قدمی کیلئے حکمت عملی طئے کی جائے گی۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پدا پلی کے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ پارٹی کے برسراقتدار آنے کے بعد یہ پہلا پلینری سیشن ہے اور قائدین اور کارکنوں میں کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ سیشن میں گزشتہ 10ماہ کی حکومت کی کارکردگی اور مختلف نئی اسکیمات کے آغاز و عمل آوری کا جائزہ لیتے ہوئے مزید بہتری کا منصوبہ تیار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس ماہ کی کارکردگی سے عوام کافی خوش ہیں لہذا پلینری سیشن اور جلسہ عام میں قائدین اور عوام جوق درجوق شرکت کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر ضلع سے تعلق رکھنے والے مندوبین ضلع میں پارٹی کی صورتحال اور سرکاری اسکیمات پر عمل آوری کے بارے میں رپورٹ پیش کریں گے۔ پلینری سیشن میں مندوبین سے حکومت کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کیلئے رائے حاصل کی جائے گی۔ سمن نے کہا کہ ٹی آر ایس کیلئے بڑے پیمانے پر سیشن یا جلسہ عام کا انعقاد کوئی نئی بات نہیں ہے۔ تلنگانہ تحریک کے دوران 14برس تک ٹی آر ایس نے اس طرح کے کئی پروگرام منعقد کئے جس میں لاکھوں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ سمن نے کہا کہ پہلا پلینری سیشن اور جلسہ عام تاریخی نوعیت کا ہوگا اور ریاست کی ترقی میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے عوام بالخصوص اقلیتوں سے اپیل کی کہ بھاری تعداد میں 27اپریل کے جلسہ عام میں شرکت کریں۔ پریڈ گراؤنڈ پر منعقد ہونے والے اس جلسہ عام کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع سے تقریباً ایک لاکھ افراد کی شرکت کا اندازہ ہے۔ اس اعتبار سے تلنگانہ اور متحدہ ریاست آندھرا پردیش کی تاریخ میں یہ جلسہ اپنی مثال آپ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سیشن میں مختلف قراردادیں پیش کی جائیں گی جن میں مختلف طبقات کی بھلائی اور ترقی سے متعلق قرارداد بھی شامل رہے گی۔ اس قرارداد میں حکومت کمزور طبقات اور اقلیتوں کی ترقی کیلئے اپنے منصوبہ کا اظہار کرے گی۔ سمن نے کہا کہ گزشتہ دس ماہ کے دوران چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت حکومت نے اقلیتوں سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں اہم پیش رفت کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے اقلیتی بہبود کے بجٹ میں نہ صرف اضافہ کیا بلکہ اسے مکمل خرچ کرنے کی منصوبہ سازی کی جارہی ہے۔ حکومت نے اقلیتوں کے بجٹ کو گرین چینل کے تحت شامل کرنے کا وعدہ کیا ہے تاکہ اسکیمات پر عمل آوری میں سہولت ہو۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کو ٹی آر ایس حکومت پر مکمل اعتماد ہے اور وہ اپوزیشن جماعتوں کے بہکاوے میں آنے والے نہیں۔ انہوں نے اقلیتوں سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں جلسہ عام میں شرکت کرتے ہوئے حکومت سے اپنی وابستگی اور یگانگت کا ثبوت دیں۔

TOPPOPULARRECENT