Saturday , June 23 2018
Home / شہر کی خبریں / ٹی آر ایس کو اقتدار سے وعدوں پر عمل یقینی

ٹی آر ایس کو اقتدار سے وعدوں پر عمل یقینی

ٹی آر ایس ایم ایل سی سوامی گوڑ کا بیان

ٹی آر ایس ایم ایل سی سوامی گوڑ کا بیان

حیدرآباد۔7مارچ(سیاست نیوز) علیحدہ ریاست تلنگانہ میں اقلیتوں کے بشمول پسماندگی کا شکار دیگر طبقات کو آبادی اور پسماندگی کے تناسب سے تحفظات کو لازمی قراردیتے ہوئے رکن قانون ساز کونسل وٹی آر ایس پولیٹ بیورو رکن سوامی گوڑ نے کہاکہ جمہوریت کے فروغ اور سماجی مساوات کو عام کرنے کے لئے پسماندگی کا شکار طبقات کے ساتھ انصاف لازمی ہے۔ مسٹرسوامی گوڑ نے کہاکہ متحدہ ریاست آندھرا پردیش قائم ہونے کے ساتھ ہی منظم انداز میںعلاقہ تلنگانہ کے مسلمانوں کو پسماندگی کاشکار بنایا گیا۔ انہوں نے قطب شاہی اور آصف جاہی دور حکومت کے کارناموں اور علاقہ تلنگانہ کی ترقی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا بھی اس موقع پر حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ کی ترقی اور خوبصورتی قطب شاہی اور آصف جاہی حکمرانوں کی مرہون منت ہے جنھوں نے مسلم حکمران ہونے کے باوجود بھی اپنی ریاست کے ہندو اور مسلمانوں کے ساتھ یکساں سلوک کیا ۔مسٹر سوامی گوڑ نے کہاکہ متحدہ ریاست آندھرا پردیش کے قیام سے قبل شہر حیدرآباد جھیل‘ تالاب اور باغات کا شہر تھا جس کی تعمیر آصف جاہی حکمرانوں نے اپنے ذاتی روپئے سے کی تھی مگر متحدہ ریاست آندھرا پردیش کے قیام کے ساتھ ہی آندھرائی قائدین اور سرمائے داروں نے منظم انداز میں حیدرآباد کی تہذیب کو متاثر کرنے اور شہر حیدرآباد کی قدیم شناخت کو مٹانے کی کوشش کی ۔انہوں نے مزید کہاکہ صرفخاص اور اوقافی اراضیات پر غاصبانہ قبضوں کے ذریعہ علاقہ تلنگانہ کے مسلمانو ں کو ان کے حق سے محروم کرنے کا کام متحدہ ریاست آندھرا پردیش میںکیاگیا۔

انہوں نے مجوزہ ریاست تلنگانہ میں مسلمانوں کو آبادی کے تناسب سے تحفظات کو لازمی قراردیتے ہوئے کہاکہ مسلمانوں کے علاوہ پسماندگی کاشکار طبقات کو تحفظات فراہم کرنے کی ذمہ داری برسراقتدار سیاسی جماعتوں پر عائد ہوتی ہے ۔مسٹر سوامی گوڑ نے ٹی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھر رائو کی جانب سے کئے گئے وعدوں کی جانب توجہہ مبذول کرواتے ہوئے کہاکہ اگر تلنگانہ راشٹرایہ سمیتی برسراقتدار آتی ہے اور ریاست کی باگ ڈور ٹی آر ایس کو سنبھالنے کا موقع فراہم کیاجاتا ہے تو تلنگانہ تحریک کے دوران جو وعدے مسلمانوں اور دیگر پسماندہ طبقات کے ساتھ ٹی آر یس سربراہ کے چندرشیکھر رائو نے کئے ہیں ان کو یقینی بنایاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ زندگی کے تمام شعبوں میںمسلمانوں کو آبادی کے تناسب سے تحفظات فراہم کرنے کی آج بھی تلنگانہ راشٹرایہ سمیتی پابند ہے اور 2014کے عام انتخابات کے بعد ٹی آر ایس پارٹی سب سے پہلے مسلمانوں کے ساتھ پسماندگی کا شکار دیگر طبقات سے کئے ہوئے وعدوں کو یقینی بنانے کاکام کرے گی۔
۔

TOPPOPULARRECENT