Thursday , December 13 2018

ٹی آر ایس کی اقلیتوں کے ساتھ وعدوں پر عمل کی یقین دہانی

دفتر ٹی آر ایس پر پرچم کشائی تقریب ، این نرسمہا ریڈی وزیر داخلہ کا خطاب

دفتر ٹی آر ایس پر پرچم کشائی تقریب ، این نرسمہا ریڈی وزیر داخلہ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ راشٹرا سمیتی اقلیتوں سے کئے گئے وعدوں کو تکمیل کرے گی اور ریاست تلنگانہ میں مسلمانوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار جناب این نرسمہا ریڈی ریاستی وزیر داخلہ تلنگانہ اسٹیٹ نے کیا ۔ انہوں نے آج یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر پر یوم آزادی کے موقع پر قومی پرچم لہرایا ۔ اس موقع پر نائب وزیر اعلی تلنگانہ اسٹیٹ جناب محمد محمود علی و دیگر موجود تھے ۔ جناب نرسمہا ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی حکومت پر کوئی شبہ نہیں کیا جاسکتا چونکہ عوام کے ساتھ جو وعدے کیے گئے ہیں انہیں یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے 19 اگست کے دن تلنگانہ میں مجوزہ جامع سروے پر اپوزیشن کی تنقیدوں کو افسوس ناک قرار دیا اور کہا کہ حکومت تمام سرکاری اسکیمات کو مستحقین تک پہونچانا چاہتی ہے ۔ جس کے لیے سروے ضروری ہے ۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کو مشورہ دیا کہ وہ تعمیری تنقید پر توجہ دیں چونکہ تلنگانہ کی تشکیل سے قبل ہر جماعت کے کھلے چہرے سے تلنگانہ کی عوام واقف ہوچکی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں اقلیتوں کی ترقی کے لیے ایک ہزار کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں اور اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے وقف بورڈ کو جوڈیشیل اختیارات دئیے جائیں گے اور مسلم اقلیت کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جائے گا ۔ اس موقع پر تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے قائدین محمد سلطان قادری ، عنایت علی باقری ، شاہین افروز ، گوردھن ریڈی ، سرینواس ریڈی ، محمد ستار گلشنی ، شیخ الیاس ، محمد سلیم الدین و دیگر موجود تھے ۔۔

TOPPOPULARRECENT