Wednesday , November 21 2018
Home / Top Stories / ٹی آر ایس کی الٹی گنتی شروع ‘ کانگریس کو اقتدار یقینی

ٹی آر ایس کی الٹی گنتی شروع ‘ کانگریس کو اقتدار یقینی

راہول گاندھی کے دورہ سے پارٹی کیڈر میں نیا جوش و خروش پیدا ہوگا ‘اتم کمار ریڈی کا دعوی ‘دورہ کی تیاریوں کا جائزہ

حیدرآباد۔5 اکٹوبر ( سیاست نیوز) پردیش کانگریس صدر اُتم کمار ریڈی نے پارٹی کے دیگر قائدین کے ساتھ ہیلی کاپٹر میں بھینسہ اور کاماریڈی پہنچ کر مقامی قائدین کے ساتھ کانگریس صدر راہول گاندھی کے 20اکٹوبر کو دورہ اور انتخابی جلسوں کی تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ تاریخی چارمینار کے دامن میں راہول گاندھی پارٹی پرچم کشائی کے بعد اپنے دورہ کا آغاز کریں گے ۔ اُتم کمار ریڈی نے بھینسہ اور کاماریڈی میں کانگریس قائدین بالخصوص قائد اپوزیشن کونسل محمد علی شبیر و دیگر قائدین کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 12 ڈسمبر کو تلنگانہ میں کانگریس حکومت کی حلف برادری تقریب منعقد ہوگی ۔ انتخابات میں عظیم اتحاد بڑی کامیابی حاصل کریگا ۔ ٹی آر ایس کو اپوزیشن کاموقف بھی حاصل نہیں ہوگا ۔ عظیم اتحاد کی تشکیل اور نشستوں کی تقسیم کے بعد تلنگانہ میں سیاسی منظر نامہ تبدیل ہوجائیگا ۔ پارٹی صدر راہول گاندھی کے 20اکٹوبر کو دورہ تلنگانہ کے بعد کانگریس کیڈر میں مزید جوش و خروش بڑھ جائیگا جس کے بعد ٹی آر ایس کا عرصہ حیات تنگ ہوجائیگا ۔ آج اُتم کمار ریڈی نے سابق قائد اپوزیشن کے جانا ریڈی ‘ ورکنگ پریسیڈنٹ ٹی پی سی سی ملوبٹی وکرامارک ‘ اے آئی سی سی سکریٹریز این بوس راجو ‘ سرینواس کرشنن ‘ عادل آباد کی انچارج سبیتا اندرا ریڈی کے ساتھ بیگم پیٹ ایئرپورٹ سے ہیلی کاپٹر میں بھینسہ اور کاماریڈی کا دورہ کرکے مقامی قائدین سے ملاقات کی اور راہول گاندھی کے جلسوں کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ کاماریڈی میں تلنگانہ انچارج آر سی کنٹیا سکریٹری اے آئی سی سی کانگریس قائدین کو آرٹس کالج گراؤنڈ کا معائنہ کروایا جہاں جلسہ عام کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔دونوں مقامات پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے اُتم کمار نے بتایا کہ راہول گاندھی دونوں انتخابی جلسوں سے خطاب میں ٹی آر ایس اور بی جے پی حکومتوں کی ناکامیوں کو عوام کے سامنے آشکار کریں گے ۔ ساتھ ہی سینئر پارٹی قائدین سے ملاقات کرکے پارٹی کی انتخابی حکمت عملی کو بھی قطعیت دیں گے ۔ صدر پردیش کانگریس نے کہا کہ الیکشن تلنگانہ کے عوام بمقاملہ کے سی آر قائدین ہوگا ۔ تلنگانہ میں جمہوریت کے احیاکیلئے کانگریس اہم رول ادا کرے گی ۔ اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ راہول گاندھی نے اگست میں تلنگانہ کاد ورہ کیا تھا جس سے کانگریس قائدین اور کیڈر کے جوش و خروش سے کے سی آر خوفزدہ ہوگئے اور وقت سے قبل انتخابات کرا رہے ہیں ‘ باوجود اس کے کے سی آر کو منہ کی کھانی پڑے گی ‘ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے ۔ اگست میں راہول گاندھی کے دورہ حیدرآباد کے بعد ٹی آر ایس قائدین کے پسینے چھوٹ گئے جس کے بعد کے سی آر نے راہول گاندھی کے اثر کو ختم کرنے کیلئے 300 کروڑ روپئے خرچ کرکے ’ پرگتی نویدنا سبھا ‘ کا اہتمام کیا جس میں 20 لاکھ عوام کو جمع کرنے کا اعلان کیا گیا تھا مگر 3لاکھ عوام بھی جلسہ میں شریک نہ ہوئے ۔ اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ وعدوں کو پورا نہ کرنے والے کے سی آر عوام کے اعتماد سے محروم ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے 9ماہ قبل اسمبلی تحلیل کرکے عوام کے بھروسہ کو ٹھیس پہنچائی ہے ۔ ٹی آر ایس کو سبق سکھانے عوام رائے دہی کا بے چینی سے انتظار کررہے ہیں ۔ 7 ڈسمبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے ‘11 ڈسمبر کو ووٹوں کی گنتی ہوگی اور 12 ڈسمبر کو ریاست میں کانگریس کی حکومت تشکیل پائیگی جو عوامی حکومت ہوگی ۔ اُتم کمار نے کہا کہ 20 اکٹوبر کو راہول گاندھی کے دورہ کے بعد تلنگانہ میں کانگریس مزید طاقتور بن جائیگی ۔ انہوں نے پارٹی کیڈر کو آئندہ 52 دن جم کر محنت کرنے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہاکہ 20اکٹوبر صبح 10:30 بجے راہول گاندھی شمس آباد ایئرپورٹ پہنچیں گے جہاں سے وہ تاریخی چارمینار پر راجیو گاندھی سدبھاونا یادگار کمیٹی سے خطاب کرنے سے قبل پارٹی پرچم لہرائیں گے ‘ سابق گورنر کے روشیا کو ایوارڈ پیش کریں گے پھر وہ بذریعہ ہیلی کاپٹر بھینسہ و کاماریڈی میں انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے ۔

TOPPOPULARRECENT