Saturday , August 18 2018
Home / شہر کی خبریں / ٹی آر ایس کی اوور سیز اسکالر شپ اسکیم ، سیاست ہیلپ لائن سے 103 امیدواروں کا انتخاب

ٹی آر ایس کی اوور سیز اسکالر شپ اسکیم ، سیاست ہیلپ لائن سے 103 امیدواروں کا انتخاب

سال 2016 کے تقریبا 40 طلبہ ہنوز رقم سے محروم ، امیدوار دوسری قسط کے بھی منتظر
حیدرآباد ۔ 21 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : ہماری ریاست تلنگانہ میں اقلیتوں کے لیے چیف منسٹرس اوورسیز اسکالر شپ اسکیم سے بے شمار مسلم طلباء وطالبات استفادہ کرتے ہوئے بیرون ملک کی باوقار یونیورسٹیز میں تعلیم حاصل کررہے ہیں ۔ یہ اسکیم سارے ملک میں اپنی طرز کی منفرد اسکیم ہے جس کے تحت چیف منسٹر کے سی آر کی حکومت دنیا کے کسی بھی ملک بشمول امریکہ ، آسٹریلیا ، برطانیہ ، سنگاپور ، جرمنی وغیرہ کی یونیورسٹیز میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہاں اقلیتی امیدواروں کو ایس سی ، ایس ٹی طلبہ کے مماثل 20 لاکھ روپئے فیس و دیگر اخراجات کے لیے ادا کرتی ہے ۔ روزنامہ سیاست اور ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں نے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو ایس سی ایس ٹی طلبہ کو فراہم کی جانے والی امبیڈکر ودیاندھی اسکیم کی طرز پر اقلیتی طلبہ کو بھی بیرون ملک تعلیم کے لیے اسکالر شپ فراہم کرنے توجہ دلائی تھی ۔ اس ضمن میں مسلسل رپورٹس کی اشاعت بھی عمل میں لائی گئی جس کا چیف منسٹر اور ان کی حکومت پر مثبت اثر ہوا چنانچہ آج اس اسکیم کے باعث کے سی آر کی اقلیتوں میں قدر و منزلت بڑھ گئی ہے ۔ چیف منسٹرس اوورسیز اسکالر شپ اسکیم 2017 کے لیے 500 سے زائد درخواستیں داخل کی گئیں تھیں ان میں سے 335 امیدواروں کو منتخب کیا گیا ۔ 140 امیدواروں کی درخواستیں سیاست ہیلپ لائن نے آن لائن داخل کی تھیں ان میں سے 103 کا انتخاب عمل میں آیا ۔ ایسے طلباء نے بھی سیاست سے ربط پیدا کیا جو اوور سیز اسکالر شپ اسکیم کی تواریخ کے عدم اعلان کے باعث بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کے لیے جاچکے تھے ۔ اس کی وجہ یہ رہی کہ درخواستوں کے آن لائن ادخال کی تواریخ کا سال کے آخری مہینوں میں اعلان کیا گیا جب کہ کئی طلباء وطالبات کے بیرون ملک روانگی کو کافی عرصہ ہوچکا تھا ۔ ایسے طلبہ نے سیاست ہیلپ لائن ڈیسک سے ربط پیدا کر کے سیاست کے ذریعہ آن لائن درخواستیں داخل کی ۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کا اس ضمن میں غیر معمولی تعاون رہا ۔ سیاست ہیلپ لائن ڈیسک کو اس بات کی بھی اطلاعات ملی ہیں کہ 2016 میں جن طلبہ کا انتخاب عمل میں آیا تھا ان میں سے تقریبا 40 طلبہ کو آج تک حصول طلب رقم نہیں ملی ۔ جب کہ اس بیاچ کے امیدواروں کو دوسری قسط نہیں پہنچی ۔ اولیائے طلبہ اس امید کا اظہار کررہے ہیں کہ محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدہ دار اس ضمن میں کوئی پیشرفت کریں گے ۔ آپ کو بتادیں کہ چیف منسٹر اوور سیز اسکالر شپ اسکیم کے تحت بیرونی یونیورسٹیز میں اعلیٰ تعلیم کے خواہاں طلبہ امریکہ ، برطانیہ ، آسٹریلیا ، کناڈا ، سنگاپور ، جرمنی ، نیوزی لینڈ ، جاپان ، فرانس اور جنوبی کوریا کی جامعات ( یونیورسٹیز ) میں داخلے حاصل کرسکتے ہیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT