Wednesday , September 19 2018
Home / شہر کی خبریں / ٹی آر ایس کی رکنیت سازی مہم عوام کا جوش و خروش

ٹی آر ایس کی رکنیت سازی مہم عوام کا جوش و خروش

حکومت کی ترقیاتی اور فلاحی سرگرمیوں سے عوام مطمئن ، 10 اضلاع میں 11 لاکھ افراد کی رکنیت

حکومت کی ترقیاتی اور فلاحی سرگرمیوں سے عوام مطمئن ، 10 اضلاع میں 11 لاکھ افراد کی رکنیت
حیدرآباد۔/10فبروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ریاست میں برسراقتدار تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی رکنیت سازی کے سلسلہ میں پارٹی نے غیر معمولی عوامی جوش و خروش کا دعویٰ کیا ہے۔ ٹی آر ایس کی رکنیت سازی مہم کا 3فبروری کو آغاز ہوا اور 20فبروری تک رکنیت سازی مہم جاری رہے گی۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ ایک ہفتہ میں تلنگانہ کے 10اضلاع میں ابھی تک 11لاکھ افراد نے پارٹی کی رکنیت قبول کرلی۔ مختلف اضلاع میں عوام کے اس غیر معمولی ردعمل کو دیکھتے ہوئے پارٹی رکنیت سازی کمیٹی نے رکنیت سازی کے نشانہ کو 30لاکھ سے بڑھاکر 38لاکھ کردیا ہے تاہم توقع کی جارہی ہے کہ رکنیت سازی بڑھ کر 50لاکھ تک پہنچ جائے گی۔ مختلف اضلاع سے رکنیت سازی مہم کے سلسلہ میں پارٹی کو جو تفصیلات حاصل ہورہی ہیں اس سے قائدین کے حوصلے بلند ہیں۔ تمام اضلاع سے روزانہ کی بنیاد پر رکنیت سازی مہم کی تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔ چیف منسٹر و صدر پارٹی کے چندر شیکھر راؤ رکنیت سازی سے متعلق اسٹیرنگ کمیٹی کے ارکان سے ربط میں ہیں اور روزانہ رپورٹ کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے ایک ہفتہ میں 11 لاکھ افراد کو پارٹی رکن بنانے میں کامیابی پر خوشنودی کا اظہار کیا۔چیف منسٹر کی جانب سے اس سلسلہ میں دی گئی ہدایت کے مطابق اضلاع میں وزراء، ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی اور قانون ساز کونسل کے ارکان رکنیت سازی مہم کی نگرانی کررہے ہیں۔ رکنیت سازی مہم کے افتتاح کے سلسلہ میں وزراء مواضعات کا دورہ کررہے ہیں تاکہ پارٹی کارکنوں میں جوش و خروش پیدا کیا جاسکے۔ پارٹی نے نوجوانوں اور خواتین پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا ہے جنہوں نے عام انتخابات میں پارٹی کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا۔ پارٹی صدر چندر شیکھر راؤ نے اسٹیرنگ کمیٹی کے ارکان کو ہدایت دی کہ وہ رکنیت سازی میں کمزور طبقات اور اقلیتوں کی رکنیت سازی پر بھی خصوصی توجہ مرکوز کریں ۔ پارٹی نے شہری علاقوں اور خاص طور پر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں رکنیت سازی مہم پر خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ آئندہ بلدی انتخابات میں پارٹی کے بہتر مظاہرہ کو یقینی بنایا جاسکے۔ گریٹر حیدرآباد میں رکنیت سازی سے متعلق اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام اسمبلی حلقہ جات کے انچارجس کو ہدایات جاری کی گئیں۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں پارٹی ٹکٹ کے خواہشمند قائدین رکنیت سازی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT