ٹی آر ایس کی ریاستی کمیٹی تحلیل ، نئے انتخابی پروگرام کا اعلان

نئے انتخابات تک اسٹیرنگ کمیٹی کام کرے گی ، 27 اپریل کو عظیم الشان جلسہ عام کا منصوبہ

نئے انتخابات تک اسٹیرنگ کمیٹی کام کرے گی ، 27 اپریل کو عظیم الشان جلسہ عام کا منصوبہ
حیدرآباد۔/3فبروری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ و صدر ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ نے پارٹی کی ریاستی کمیٹی کو تحلیل کردیا ہے۔ اس کے علاوہ تمام ضلع کمیٹیوں اور محاذی تنظیموں کو بھی تحلیل کرتے ہوئے نئے انتخابی پروگرام کا اعلان کیا۔شہر کے مضافاتی علاقہ کوم پلی میں پارٹی کی ریاستی عاملہ کے توسیعی اجلاس میں اس سلسلہ میں کے سی آر نے قرارداد منظور کی جسے مندوبین نے ندائی ووٹ سے منظوری دی۔ ریاستی کمیٹی کے نئے انتخابات تک اسٹیرنگ کمیٹی پارٹی اُمور کی نگرانی کرے گی۔ ریاستی سطح کی اسٹیرنگ کمیٹی کے علاوہ اضلاع اور دونوں شہروں کیلئے بھی علحدہ علحدہ اسٹیرنگ کمیٹیاں تشکیل دینے کا اعلان کیا گیا۔ کے سی آر نے ریاستی سطح کی اسٹیرنگ کمیٹی کے کنوینر کے طور پر ٹی راجیشور ریڈی کے نام کا اعلان کیا۔ کمیٹی کے ارکان میں راجیا یادو، پی سدرشن ریڈی، ایم سامیول، سید اکبر حسین، بالا متا، رام موہن، ستیہ وتی راتھوڑ، شراون کمار ریڈی، ایم مانڈیا، پی ستیش اور روپ سنگھ شامل ہیں۔ کے سی آر نے 24 اپریل کو پارٹی کے ریاستی سطح کے توسیعی اجلاس کا اعلان کیا جس میں پارٹی کے نئے صدر کا انتخاب کیا جائے گا۔ 27اپریل کو پریڈ گراؤنڈ سکندرآباد پر جلسہ عام منعقد ہوگا۔ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کے برسر اقتدار آنے کے بعد پہلی مرتبہ یہ جلسہ عام منعقد کیا جارہا ہے۔انہوں نے پارٹی قائدین اور عوامی نمائندوں سے اپیل کی کہ جلسہ عام کی کامیابی کیلئے منہمک ہوجائیں۔ پارٹی صدر نے کہا کہ بہت جلد دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کیلئے اسٹیرنگ کمیٹی کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔ مہیلا ٹی آر ایس کی صدر ٹی اوما کو عہدہ پر برقرار رکھنے کا اعلان کیا گیا۔کے سی آر نے پارٹی کی رکنیت سازی اور تنظیمی انتخابات کے پروگرام کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ 3 فبروری تا 20فبروری ریاست بھر میں پارٹی کی رکنیت سازی مہم چلائی جائے گی۔ 16دن کی اس مہم میں ایک دن کی بھی توسیع نہیں ہوگی۔ انہوں نے قائدین سے کہا کہ وہ اس مدت کے دوران رکنیت سازی کا کام مکمل کرلیں۔ یکم مارچ تا 10مارچ مواضعات اور وارڈ سطح کے تنظیمی انتخابات ہوں گے۔11تا 20مارچ منڈل اور میونسپل سطح کے تنظیمی انتخابات کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ اپریل کے پہلے ہفتہ میں ضلع کمیٹیوں اور محاذی تنظیموں کے انتخابات ہوں گے۔24اپریل کو کوم پلی میں پارٹی کے ریاستی سطح کے توسیعی اجلاس میں پارٹی صدر کا انتخاب کیا جائے گا۔ کے سی آر نے عوامی نمائندوں اور قائدین سے اپیل کی کہ وہ سنجیدگی کے ساتھ پارٹی کی رکنیت سازی مہم میں حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی حلقہ جات کی بنیاد پر رکنیت سازی مہم کے دوران روزانہ تفصیلات ویب سائٹ پر اَپ لوڈ کردیں۔

TOPPOPULARRECENT