Tuesday , November 21 2017
Home / شہر کی خبریں / ٹی آر ایس کی یوم تاسیس، کوم پلی اور ورنگل میں جلسہ عام

ٹی آر ایس کی یوم تاسیس، کوم پلی اور ورنگل میں جلسہ عام

حیدرآباد۔/8اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی یوم تاسیس کے سلسلہ میں 21 اپریل کو شہر کے مضافاتی علاقہ کوم پلی میں پلینری سیشن اور 27 اپریل کو ورنگل میں جلسہ عام کی تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔ کوم پلی میں پلینری کیلئے انتظامات کو تقریباً قطعیت دے دی گئی اور روزانہ مختلف ریاستی وزراء اور عوامی نمائندے اس مقام کا معائنہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ پلینری سیشن میں پارٹی صدر کا انتخاب ہوگا اور ملک اور ریاست کو درپیش اہم مسائل پر قراردادیں منظور کی جائیں گی۔ اسی دوران ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے آج پلینری سیشن کے مقام کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی، میئر حیدرآباد بی رام موہن، رکن اسمبلی ویویکانند اور ٹی آر ایس کے ریاستی سکریٹری کملاکر ریڈی اور دیگر قائدین موجود تھے۔ پلینری میں تمام اضلاع سے مندوبین کی شرکت کو دیکھتے ہوئے وسیع تر انتظامات کئے جارہے ہیں۔ اسی دوران ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر تعلیم کے سری ہری اور وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے ورنگل میں جلسہ عام کے مقام کا معائنہ کیا۔ ورنگل کے پرکاش ریڈی پیٹ میں 200 ایکر اراضی پر جلسہ عام کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ جلسہ عام کے مقام اور سارے ورنگل ٹاؤن کو گلابی رنگ میں رنگ دیا جائے گا جس کی تیاریاں ابھی سے شروع ہوچکی ہیں۔ کے سی آر اور دیگر اہم قائدین کے بڑے کٹ آؤٹس اور پوسٹرس آویزاں کئے جارہے ہیں۔ سری ہری اور ہریش راؤ نے پارٹی کارکنوں اور عوام سے جلسہ عام کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ جلسہ عام کی کامیابی میں پارٹی کے ہر قائد کو اہم رول ادا کرنا چاہیئے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں عوام کی بھلائی و ریاست کی ترقی کیلئے جو اقدامات کئے گئے ان سے متاثر ہوکر بڑی تعداد میں عوام کی شرکت یقینی ہے۔ پارٹی قائدین جلسہ عام میں 15 لاکھ افراد کی شرکت کو یقینی بنانے کی تیاریاں کررہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT