Saturday , June 23 2018
Home / شہر کی خبریں / ٹی آر ایس کے ہر کارکن کو 2 لاکھ روپئے تک انشورنس

ٹی آر ایس کے ہر کارکن کو 2 لاکھ روپئے تک انشورنس

حادثاتی موت کی صورت میں انشورنس کی رقم قابل عمل

حادثاتی موت کی صورت میں انشورنس کی رقم قابل عمل
حیدرآباد 10 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے اپنے کارکنوں کیلئے انشورنس کی فراہمی کا عمل شروع کیا ہے۔ ہر کارکن کو 2 لاکھ روپئے تک انشورنس فراہم کیا جارہا ہے۔ اس سلسلہ میں پارٹی نے ای میڈ لائف نیشنل انشورنس کمپنی سے معاہدہ کیا ہے اور پارٹی صدر کے چندر شیکھر راو نے انشورنس کے طور پر 4 کروڑ 46 لاکھ 21 ہزار 200 روپئے کا چیک کمپنی کے نمائندوں کے حوالے کیا ۔ فبروری میں پارٹی کی جانب سے رکنیت سازی مہم چلائی گئی تھی جس میں پارٹی کے نشانہ سے بہت زیادہ تعداد میں عوام نے رکنیت کو قبول کیا تھا۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ انشورنس کی فراہمی کیلئے ارکان کی تعداد کو قطعیت دینے کا کام جاری ہے۔یہ انشورنس حادثاتی موت کی صورت میں قابل عمل ہوگا۔ پارٹی ذرائع نے وضاحت کی کہ اس کا ہیلت کارڈ یا 2 لاکھ روپئے مالیتی مفت علاج سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اسی دوران ابراہیم پٹنم ضلع رنگا ریڈی سے تعلق رکھنے والے مختلف پارٹیوں کے قائدین نے آج ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی ۔تلنگانہ بھون میں منعقدہ تقریب میں وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے ان قائدین کا استقبال کیا۔ وزیر داخلہ نے اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے عوامی بھلائی کیلئے جو اقدامات کئے ہیں ان سے متاثر ہوکر دیگر پارٹی کے قائدین شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ نرسمہا ریڈی نے کانگریس پارٹی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کانگریس پارٹی حکومت کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کررہی ہے۔ ترقیاتی اور فلاحی اقدامات کے سبب حکومت کی مقبولیت میں اضافہ کو دیکھ کر کانگریس قائدین بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں سماجی بھلائی اور کمزور طبقات کی ترقی کو نظر انداز کردیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کیلئے ایک روپئے کیلو چاول کی اسکیم اور سماجی بھلائی کے ہاسٹلس میں معیاری چاول کی سربراہی عمل میںلائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی صورتحال کھوٹے سکہ کی طرح ہے جسے عوام قبول کرنے تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کے علاوہ کسی بھی پارٹی کا کوئی مستقبل نہیں ہوگا۔ انہوں نے ٹی آر ایس کو خاندانی پارٹی سے متعلق کانگریس کے الزامات کو مسترد کردیا ۔

TOPPOPULARRECENT