Tuesday , November 21 2017
Home / شہر کی خبریں / ٹی آر ایس کے 80امیدواروں کا اعلان، 16مسلم امیدوار

ٹی آر ایس کے 80امیدواروں کا اعلان، 16مسلم امیدوار

پارٹی سروے کی بنیاد پر امیدواروں کا انتخاب، دوسری فہرست کی جلد اجرائی

حیدرآباد۔/15جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کیلئے 60امیدواروں پر مشتمل پہلی فہرست جاری کی اور بعد ازاں 20 امیدواروں پر مشتمل دوسری فہرست جاری کردی ہے ۔ امیدواروں کے انتخاب کیلئے قائم کی گئی کمیٹی کے صدرنشین ڈاکٹر کے کیشو راؤ رکن راجیہ سبھا نے آج تلنگانہ بھون میں پہلی فہرست جاری کی۔ پہلی فہرست میں پرانے شہر حیدرآباد کے بیشتر علاقوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر کیشو راؤ نے کہا کہ باقی  امیدواروں کی تیسری فہرست بہت جلد جاری کی جائے گی۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹرس کڈیم سری ہری، محمد محمود علی، حکومت کے مشیر ڈی سرینواس اور صدر گریٹر حیدرآباد ٹی آر ایس ایم ہنمنت راؤ موجود تھے۔ 80 امیدواروں پر مشتمل فہرست میں 16مسلم امیدوار شامل ہیں۔  ڈاکٹر کیشو راؤ نے کہا کہ امیدواروں کے انتخاب میں تمام طبقات کو مناسب نمائندگی دی گئی ہے اور پارٹی نے امیدواروں کے بارے میں جو سروے کیا تھا اس کی بنیاد پر امیدواروں کا انتخاب کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کی کامیابی کے امکانات کے بارے میں دو مرتبہ پارٹی نے سروے کیا ہے اور کامیابی کے امکانات کی بنیاد پر امیدواروں کا انتخاب عمل میں آیا۔ واضح رہے کہ 80 امیدواروں کی فہرست میں جن 16 مسلم امیدواروں کو ٹکٹ دیا گیا ان میں 12 امیدوار پرانے شہر کے بلدی وارڈز سے تعلق رکھتے ہیں۔ عام طور پر سیاسی جماعتیں پرانے شہر کی نشستوں سے مسلم اقلیت کے امیدوار کو ٹکٹ دے کر زائد مسلم نمائندگی کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن امیدواروں کی کامیابی یقینی بنانے کیلئے جدوجہد نہیں کی جاتی۔ اسمبلی انتخابات میں بھی ٹی آر ایس نے پرانے شہر کے حلقوں سے مسلم امیدواروں کو میدان میں اُتارا تھا۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ مقامی سیاسی جماعت سے مشاورت کے بعد پرانے شہر کے امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دی گئی۔ پارٹی مسلم امیدواروں کو کامیاب بنانے میں کس حد تک اپنی طاقت استعمال کرے گی اس کا اندازہ انتخابی مہم کے دوران ہوجائے گا۔ ٹی آر ایس کی جانب سے جاری کردہ امیدواروں کی پہلی فہرست میں مسلم امیدواروں اور ان کے حلقہ جات اس طرح ہیں۔ مکمل فہرست صفحہ( 9 ) پر

TOPPOPULARRECENT