Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / ٹی آر ایس ہیڈکوارٹر تلنگانہ بھون میں جشن تلنگانہ

ٹی آر ایس ہیڈکوارٹر تلنگانہ بھون میں جشن تلنگانہ

جئے تلنگانہ کی گونج ، چیف منسٹر کے سی آر کے اقدامات کی ستائش ، وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔/2 جون، ( سیاست نیوز) یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب ٹی آر ایس کے ہیڈکوارٹر تلنگانہ بھون میں بڑے پیمانہ پر منائی گئیں۔ وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے قومی پرچم لہرایا اور مجسمہ تلگو تلی پر پھول نچھاور کئے۔ اس موقع پر پارٹی کے عوامی نمائندوں، قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد شریک تھی۔ تلنگانہ بھون ’ جئے تلنگانہ ‘ کے نعروں سے گونج اُٹھا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں ریاست ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے گذشتہ دو برسوں میں جن ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کا آغاز کیا اس کی مثال ملک کی کوئی اور ریاست پیش نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی دیگر ریاستیں تلنگانہ کی اسکیمات کے بارے میں معلومات حاصل کررہی ہیں تاکہ ان ریاستوں میں ان اسکیمات کا آغاز کیا جاسکے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک کی کوئی بھی ریاست تلنگانہ کی طرح غریبوں کی فلاح و بہبود کی مثال پیش نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کو پنشن اور ایک روپیہ کلو چاول کی سربراہی سے عوام کافی خوش ہیں۔ وزیر داخلہ نے چیف منسٹر کی عوامی مقبولیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے تمام چیف منسٹرس کی مقبولیت کا حال ہی میں سروے کیا گیا جس میں چندر شیکھر راؤ سرفہرست ہیں۔ فلاحی اور ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کے سبب صرف دو برسوں میں کے سی آر کو یہ مقبولیت حاصل ہوئی ہے۔ نرسمہا ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ عوام ٹی آر ایس کے ساتھ ہیں اور یہی وجہ ہے کہ گذشتہ دو برسوں میں جو بھی انتخابات ہوئے ان میں ٹی آر ایس نے شاندار کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کیلئے چیف منسٹر کے اقدامات میں تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے برسوں میں نہ صرف ریاست کے بجٹ میں اضافہ ہوگا بلکہ مزید نئی اسکیمات شروع کی جائیں گی۔ انہوں نے پارٹی قائدین اور کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت کی اسکیمات کو عوام تک پہنچانے میں اہم رول ادا کریں۔

TOPPOPULARRECENT