Monday , August 20 2018
Home / شہر کی خبریں / ٹی آر ایس یوم تاسیس پر 27 اپریل کو پلینری سیشن

ٹی آر ایس یوم تاسیس پر 27 اپریل کو پلینری سیشن

اکتوبر میں حیدرآباد میں جلسہ عام ، انتخابی تیاریوں کا آغاز
حیدرآباد ۔ 9 ۔اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے پارٹی کی یوم تاسیس کے موقع پر 27 اپریل کو پلینری کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے ۔ سابق کی طرح اس مرتبہ پلینری سیشن کے ساتھ جلسہ عام نہیں ہوگا بلکہ اکتوبر یا نومبر میں حیدرآباد میں تاریخی جلسہ عام کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حیدرآباد کا جلسہ عام 2019 ء عام انتخابات کی مہم کا عملاً آغاز ہوگا اور قومی قائدین کو مدعو کرتے ہوئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ قومی سیاست میں اپنے رول کا اعلان کریں گے۔ ٹی آر ایس ذرائع کے مطابق 27 اپریل کو کومپلی میں مندوبین کا سیشن رہے گا جس میں حکومت کی اسکیمات اور عوام کو درپیش مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے ریاستی اور قومی مسائل پر قراردادیں منظور کی جائیں گی۔ گزشتہ سال کومپلی میں مندوبین کا سیشن منعقد کرکے ورنگل میں جلسہ عام منعقد کیا گیا تھا۔ گورنمنٹ وہپ ڈاکٹر پی راجیشور ریڈی نے بتایا کہ اکتوبر یا نومبر میں حیدرآباد میں تاریخی جلسہ عام منعقد ہوگا جس کی سابق میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ مندوبین کے اجلاس میں ہر اسمبلی حلقہ سے 150 مندوبین شرکت کریں گے۔ جملہ 15,000 مندوبین کی شرکت متوقع ہے ۔ پلینری سیشن میں ٹی آر ایس حکومت کی ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کا جائزہ لیا جائے گا ۔ ریاستی اور قومی سیاست پر تفصیلی مباحث کے بعد سیاسی قرارداد منظور کی جائے گی ۔ پارلیمانی پار ٹی لیڈر ڈاکٹر کیشو راؤ کی صدارت میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو قراردادوں کا مسودہ تیار کرے گی۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ بہت جلد دیگر کمیٹیوں کا اعلان کریں گے جس میں تیاری کمیٹی بھی شامل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مندوبین کے اجلاس میں کسی قومی قائد کو مدعو نہیں کیا جائے گا ۔ تاہم جلسہ عام میں قومی قائدین شرکرکت کریں گے۔ حکومت کی اسکیمات کے استفادہ کنندگان کو جلسہ عام میں شرکت کی دعوت دی جائے گی ۔ راجیشور ریڈی نے کہا کہ بعض اسکیمات کے استفادہ کنندگان مندوبین کے اجلاس میں اپنی رائے کا اظہار کریں گے ۔ حکومت اپنی چار سالہ کارکردگی کی رپورٹ پیش کرے گی۔ مندوبین کے اجلاس میں کے سی آر کو دوبارہ پارٹی صدر منتخب کیا جائے گا ۔ 2019 ء میں اپریل تک انتخابات کے سبب ضابطہ اخلاق کے نفاذ کو دیکھتے ہوئے جاریہ سال اکتوبر یا نومبر میں جلسہ عام کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT