ٹی آر ایس ‘ این ڈی اے حکومت میں شامل نہیں ہوگی

تمام ریاستی حکومتوں کی مدد کرنا مرکز کی ذمہ داری : وزیر توانائی جگدیش ریڈی کا بیان

تمام ریاستی حکومتوں کی مدد کرنا مرکز کی ذمہ داری : وزیر توانائی جگدیش ریڈی کا بیان
حیدرآباد 17 فبروری ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ کے وزیر توانائی جگدیش ریڈی نے ان اطلاعات کی تردید کی کہ ان کی پارٹی تلنگانہ راشٹرا سمیتی مرکز کی این ڈی اے حکومت میں شامل ہوگی ۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کبھی بھی مرکز میں این ڈی اے کی نریندر مودی حکومت میں شامل ہونے کے تعلق سے غور نہیں کیا ہے ۔ اس طرح کی تمام اطلاعات بے بنیاد افواہیں ہیں۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو چاہئے کہ وہ ہمیشہ ریاستی حکومتوں کی مدد کرے اور کسی بھی جماعت کی حکومت کے ساتھ امتیاز نہ کیا جائے ۔ مسٹر جگدیش ریڈی نے کہا کہ چندر شیکھر راؤ نے ریاست کو درپیش مسائل پر نمائندگی کیلئے نریندر مودی سے ملاقات کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ سیاست اور ترقیاتی ایجنڈہ دو الگ الگ چیزیں ہیں اور انہیں ایک دوسرے سے مربوط نہیں کیا جانا چاہئے ۔ قبل ازیں بی جے پی لیڈر و مرکزی وزیر مسٹرا یم وینکیا نائیڈو نے بھی ان اطلاعات کی تردید کی کہ ٹی آر ایس قائدین کی جانب سے بی جے پی کے اعلی قائدین سے بات چیت کی گئی ہے تاکہ ٹی آر ایس کو این ڈی اے میں شامل کیا جاسکے ۔ یہ اطلاعات گشت کر رہی تھیں کہ ٹی آر ایس نے این ڈی اے میں شامل ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اسے مرکزی وزارت میں ایک قلمدان مل سکتا ہے ۔ یہ کہا جا رہا تھا کہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ اپنی دختر اور نظام آباد کی رکن پارلیمنٹ کے کویتا کو مرکزی کابینہ میں شامل کروانے کا ارادہ رکھتے ہیںاور اس سلسلہ میں ان کی بی جے پی اعلی قیادت سے بات چیت بھی ہوئی تھی تاہم اب خود ٹی آر ایس اور بی جے پی قائدین نے ان اطلاعات کی تردید کردی ہے اور کہا کہ یہ بے بنیاد افواہیں ہیں ۔ ٹی آر ایس کا این ڈی اے حکومت میں شامل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے ۔

TOPPOPULARRECENT