Sunday , June 24 2018
Home / شہر کی خبریں / ٹی آر ایس میں مزید 4 ارکان اسمبلی کی شمولیت متوقع

ٹی آر ایس میں مزید 4 ارکان اسمبلی کی شمولیت متوقع

حیدرآباد۔/17جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں بہت جلد مزید 4ارکان اسمبلی کی شمولیت کا امکان ہے جن میں 3کا تعلق گریٹر حیدرآباد سے بتایا جاتا ہے جبکہ ایک ضلع کھمم سے تعلق رکھتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ ارکان اسمبلی چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ربط میں ہیں اور توقع ہے کہ بہت جلد وہ باقاعدہ طور پر شمولیت کا اعلان کردیں گے۔ ان میں تلگودیشم اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ارکان اسمبلی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ گریٹر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے بعض سابق وزراء اور تلگودیشم اور کانگریس کے سینئر قائدین کی شمولیت کی اطلاعات ہیں۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں ٹی آر ایس کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے چیف منسٹر نے دیگر جماعتوں کے سرگرم قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت کا بیڑہ اٹھایا ہے، اس سلسلہ میں وہ خود مختلف قائدین سے راست طور پر ربط پیدا کرتے ہوئے شمولیت کی ترغیب دے رہے ہیں۔ چیف منسٹر نے واضح کیا کہ دیگر جماعتوں کے قائدین کی شمولیت سے پارٹی کے موجودہ قائدین کو پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں پارٹی قائدین کیلئے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ اسمبلی حلقوں کی تعداد میں مزید 34 حلقوں کا اضافہ ممکن ہے جس کے باعث قائدین کیلئے مواقع میں اضافہ ہوگا۔ گریٹر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے 15تا20سابق کارپوریٹرس جن کا تعلق کانگریس اور تلگودیشم سے ہے 25جنوری تک ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔ چیف منسٹر نے حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے وزراء اور قائدین کو ذمہ داری دی کہ وہ پارٹی کے استحکام اور جی ایچ ایم سی انتخابات میں کامیابی کی ذمہ داری قبول کریں۔ انہوں نے وزراء کو ابھی سے شہر میں سرگرم ہوجانے کی ہدایت دی۔
انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے انتخابات کے اعلامیہ کی اجرائی کے ساتھ ہی وزراء کو اپنی مفوضہ ذمہ داریوں پر کاربند ہوجاناچاہیئے۔ گریٹر حیدرآباد کے صدر کے عہدہ کیلئے ملکاجگری پارلیمانی حلقہ کے انچارج ایم ہنمنت راؤ کا نام زیر غور بتایا جاتا ہے۔ ریاستی وزراء محمد محمود علی، سرینواس یادو، این نرسمہا ریڈی اور پدما راؤ نے ان کے نام کی تائید کی۔ گریٹر حیدرآباد کے وارڈز کی از سر نو حد بندی کی تکمیل کے بعد چیف منسٹر پارٹی صدر کے نام کا اعلان کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT