Friday , November 24 2017
Home / شہر کی خبریں / ٹی آر ایس کے موجودہ ارکان اسمبلی کو دوبارہ ٹکٹ کا تیقن

ٹی آر ایس کے موجودہ ارکان اسمبلی کو دوبارہ ٹکٹ کا تیقن

پارٹی کو مستحکم بنانے کی ہدایت، چیف منسٹر و صدر ٹی آر ایس کے سی آر کا اجلاس سے خطاب
حیدرآباد 27 اگسٹ (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی و چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے حکومت کے پروگراموں و اسکیمات کی عمل آوری میں ریاستی وزراء ، ارکان اسمبلی کو مصروف کرنے کے مقصد سے آئندہ انتخابات میں موجودہ تمام ارکان اسمبلی کو پارٹی ٹکٹ دینے کا خوش کن اعلان کیا اور یہ بھی کہہ دیا کہ تمام ارکان اسمبلی کو کامیاب بنانے کی ذمہ داری بھی ان ہی کی ہوگی لہذا چیف منسٹر نے تمام ارکان اسمبلی و دیگر اہم قائدین ٹی آر ایس کو حکومت کے پروگراموں و اسکیمات کو کامیاب بنانے میں سرگرم حصہ لینے کی ضرورت پر زور دیا۔ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ پارٹی کو نچلی سطح سے مضبوط و مستحکم بنانے کے لئے تنظیمی اُمور میں بھی اپنی خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے کارکنوں میں نیا اعتماد پیدا کرنے کی ارکان اسمبلی و پارٹی قائدین کو ہدایت دی۔ بتایا جاتا ہے کہ چندرشیکھر راؤ نے کسی بھی مسئلہ پر پارٹی کے اہم قائدین سے صلاح و مشورہ لینے سے ہمیشہ گریز کرتے ہیں لیکن ان کے فیصلہ پر عمل آوری کو یقینی بنانے کے لئے وزراء، ارکان پارلیمان، اسمبلی و کونسل کے علاوہ دیگر قائدین کا اجلاس طلب کرکے انھیں اس فیصلہ پر عمل آوری کی ذمہ داری سونپنے اور ہدایت دینے کے عادی ہیں جبکہ عام دنوں میں چندرشیکھر راؤ وزراء ارکان پارلیمان، اسمبلی و کونسل کو خاطر میں لانے کے عادی نہیں ہیں۔ جب انھیں پارٹی کے ارکان اسمبلی و کونسل اور ارکان پارلیمان کو کوئی ہدایت دینا ہوتا ہے تو ہی اجلاس طلب کیا جاتا ہے۔ اسی ذرائع کے مطابق گزشتہ دن منعقدہ اجلاس میں بھی صرف ہدایات دی گئیں۔ علاوہ ازیں بتایا گیا کہ چیف منسٹر نے سنگارینی میں مسلمہ یونین کا موقف حاصل کرنے کیلئے منعقد ہونے والے انتخابات میں ’’تلنگانہ کول مائین ورکرس یونین‘‘ کی کامیابی کیلئے پارٹی کے منتخبہ تمام عوامی نمائندوں سے بھرپور کوشش کرنے کی سخت ہدایات دیں اور کہاکہ وزراء کی قیادت میں سنگارینی کے وسعت دیئے گئے علاقوں میں عوامی منتخب نمائندوں سے اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت دی گئی۔ اجلاس میں وزراء، ارکان پارلیمان، اسمبلی و کونسل کی کثیر تعداد میں شریک رہنے کی اطلاعات ہیں۔

TOPPOPULARRECENT