ٹی ناگا لکشمی مریال گوڑہ بلدیہ کی صدرنشین منتخب

مریال گوڑہ ۔ 4 ۔ جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مریال گوڑہ بلدیہ کی صدرنشین کی حیثیت سے بلدی حلقہ تیرہ سے بلامقابلہ منتخب کانگریسی امیدوار ٹی ناگا لکشمی نے آج اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا ۔ مریال گوڑہ بلدی کانفرنس ہال میں آج اسپیشل آفیسر و ریٹرننگ آفیسر RDO مریال گوڑہ ڈی سرینواس ریڈی کی نگرانی میں صدرنشین کے عہدے کے انتخاب کیلئے ایک خصوصی اجلاس منعقد کیا گیا اجلاس میں کانگریس کی جانب سے منتخب ہونے والے 31 کونسلر ٹی آر ایس کی جانب سے 2 ، سی پی ایم کی جانب سے 2 اور آزاد امیدوار کی حیثیت سے ایک کونسلر نے شرکت کی سب سے پہلے ریٹرننگ آفیسر سرینواس ریڈی نے نو منتخبہ کونسلرس کو ان کے عہدے کا حلف دلوایا ۔ بلدی انتخابات میں مریال گوڑہ کو خاتون زمرے میں نشست فراہم کی گئی تھی ۔ اس طرح کانگریس کی جانب سے 13 ویں وارڈ سے بلامقابلہ منتخب ٹی ناگا لکشمی کا نام صدرنشین کے عہدے کیلئے پیش کیا گیا جبکہ کسی بھی پارٹی کی جانب سے کوئی نام پیش نہیں کیا گیا ۔ اس طرح صدرنشین کے عہدے کیلئے بھی ٹی ناگا لکشمی بلامقابلہ منتخب ہوئیں اس طرح مریال گوڑہ کی تاریخ میں ٹی ناگا لکشمی پہلی خاتون صدرنشین ہیں ۔ نائب صدرنشین کا عہدہ مسلمان کو دینا طے پایا ہے ۔ اس موقع پر خصوصی مدعو کی حیثیت سے شریک ہوئے کانگریسی رکن اسمبلی این بھاسکر راو نے نو منتخبہ کونسلرس اور صدرنشین کو مبارکباد دی اور اپنی نیک خواہشات ظاہر کیں ۔

TOPPOPULARRECENT