Monday , October 15 2018
Home / کھیل کی خبریں / ٹی 10 کو اولمپک میں شامل کرنے کیلئے حکام پر امید

ٹی 10 کو اولمپک میں شامل کرنے کیلئے حکام پر امید

دبئی۔7نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) آئی سی سی حکام برسوں سے کھیل کو اولمپکس کا حصہ بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ ٹسٹ کی طوالت اسے میگا ایونٹ میں شمولیت کے اجازت نہیں دیتی تھی، ونڈے کرکٹ کا ایک میچ بھی پورا دن چلتا ہے اس لیے اس طرز کی کرکٹ کو بھی خارج ازامکان قرار دیا گیا۔ ٹی ٹوئنٹی نے امید جگائی لیکن اس کی راہ میں بھی دورانیہ کی رکاوٹ کسی حد تک حائل ہے تاہم اب ٹی ٹین کے منتظمین پرامید ہے ہیں کہ ان کی مراد بر آئے گی۔ 90 منٹس پر مشتمل کرکٹ میچ اولمپکس کے معیار پر پورا اترنے کا اہل ہے۔ ٹین 10 کے روح رواں شجیع الملک نے کہا ہے کہ جس طرح کرکٹ میچ مختصر ترین ہوتا جارہا ہے اس کے کھیلوں کے عالمی میلے اولمپک میں جگہ بنانے کے امکانات روشن تر ہورہے ہیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے قائد اور ٹی لیگ میں بنگال ٹائیگر کے کپتان سرفراز احمد اور انگلینڈ کے محدود اوور کے کپتان ایان مورگن بھی اس خیال کے حامی ہیں۔ شجیع الملک نے کہا کہ مجھے ٹی 10 کا خیال فٹبال میچ دیکھتے ہوئے آیا، میں نے سوچا 90 منٹس دلچسپی اورمسابقت سے بھرپور میچ کیلئے کافی ہیں۔ کئی دوسرے کھیل اتنے ہی وقت میں مکمل ہوجاتے ہیں۔ امارات کرکٹ بورڈ کے رکن اور 80کے دہے میں شارجہ کے صحرا میں کرکٹ کو فروغ دینے والے عبدالرحمٰن بخاطر کے صاحبزادے ولید بخاطر نے کہا کہ جب رگبی کا مختصر فارمیٹ رگبی سیونز اولمپک میں شامل ہوسکتا ہے تو میں سمجھتا ہوں کہ ٹی 10کو بھی قبولیت حاصل ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فٹبال، ہاکی، والی بال اور دیگر کھیل جو ٹیموں کے درمیان ہوتے ہیں، اولمپکس میں کافی مقبول ہیں، تاہم ہمیں دیکھنا ہوگا کہ ٹی10 لیگ کو شائقین کی جانب سے کس طرح کا ردعمل ملتا ہے۔ مورگن نے اس سے متعلق محتاط انداز اختیار کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عرصے قبل تک ٹی 20 کو اولمپکس کا کھیل بنانے کی باتیں مسلسل ہورہی تھیں لیکن ایسا نہ ہوسکا، نیا فارمیٹ اپنے اندر کافی دلچسپی رکھتا ہے، یہ سوال کافی دلچسپ ہے کہ یہ اولمپکس میں شامل ہوسکتا یا نہیں، میں فی الحال اس کا جواب نہیں جانتا تاہم مستقبل میںکیا ہو اس متعلق کچھ نہیںکہا جاسکتا۔

 

TOPPOPULARRECENT