Tuesday , June 19 2018
Home / شہر کی خبریں / پائلٹ سلویٰ فاطمہ کو 30 لاکھ کی امداد کا تیقن

پائلٹ سلویٰ فاطمہ کو 30 لاکھ کی امداد کا تیقن

کانگریس رکن قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین کی نمائندگی پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا مثبت ردعمل

کانگریس رکن قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین کی نمائندگی پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا مثبت ردعمل
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : جناب محمد فاروق حسین رکن قانون ساز کونسل نے آج اسمبلی میں چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں ایک یادداشت حوالے کرتے ہوئے مسلم پائلٹ محترمہ سلویٰ فاطمہ کو 30 لاکھ روپئے کی امداد جاری کرنے کی خواہش کی جس پر چیف منسٹر نے مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اس خصوص میں ضروری کارروائی کا تیقن دیا ۔ جناب محمد فاروق حسین نے چیف منسٹر تلنگانہ کو ملاقات کے دوران اس بات سے واقف کروایا کہ محترمہ سلویٰ فاطمہ بطور پائلٹ 200 گھنٹے کی پرواز مکمل کرچکی ہیں اور بوئنگ طیارے کی پرواز کی تربیت کے لیے انہیں 30 لاکھ روپئے درکار ہیں جو کہ وہ خرچ کرنے کے موقف میں نہیں ہیں چونکہ وہ ایک سطح غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والے خاندان سے تعلق رکھتی ہیں ۔ انہوں نے چیف منسٹر کو حوالے کردہ یادداشت میں ثانیہ مرزا اور سائنا نہوال کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کے یہ کھلاڑی جس طرح دنیا بھر میں ریاست کا نام روشن کررہے ہیں اسی طرح پرانے شہر سے تعلق رکھنے والی محترمہ سلویٰ فاطمہ ملک کے دیگر ریاستوں کے لیے مثال بن سکتی ہیں ۔ جناب فاروق حسین نے کہا کہ ملاقات کے دوران چیف منسٹر نے اس بات کا تیقن دیا کہ وہ ضرور بہ ضرور اس خاتون پائلٹ کی مدد کریں گے اور انہوں نے فوری طور پر ریاستی وزیر مال و ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی کو اس خصوص میں مزید تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت دی ۔ جناب محمد فاروق حسین نے بتایا کہ انہیں یقین ہے کہ چیف منسٹر نہ صرف اقلیتوں کو ایک بہتر پیغام دینے کے لیے بلکہ خواتین کی ترقی میں حکومت کی اعانت کی بہترین مثال پیش کرتے ہوئے سلویٰ فاطمہ کی مالی امداد کو منظوری دیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر کی جانب سے مسائل کے حل میں دکھائی جانے والی سنجیدگی اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ اقلیتوں کی ترقی کے متعلق منصوبہ اور ویژن رکھتے ہیں ۔ واضح رہے کہ سابق میں جناب محمد فاروق حسین کی جانب سے یوم اقلیتی بہبود کے موقع پر شہر حیدرآباد و ریاست تلنگانہ کی معزز شخصیات کے نام سے یادگار ایوارڈ قائم کرنے کی خواہش کی گئی تھی جس پر چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مختلف شخصیتوں کے نام سے ایوارڈ قائم کرنے کا اعلان کیا ۔ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور جناب محمد فاروق حسین کے درمیان دیرینہ رفاقت کے سبب کانگریسی رکن قانون ساز کونسل ہونے کے باوجود محمد فاروق حسین چیف منسٹر کے قریبی تصور کئے جاتے ہیں ۔ جناب محمد فاروق حسین نے بتایا کہ وہ خاتون پائلٹ سلویٰ فاطمہ کو نہ صرف مالی امداد بذریعہ حکومت دلوانے کی کوشش کریں گے بلکہ تربیت کی تکمیل کے فوری بعد ملازمت کے لیے بھی ممکنہ کوشش کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے سلویٰ فاطمہ کی مالی امداد کی صورت میں حکومت تلنگانہ پر عوام بالخصوص اقلیتوں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کی جانب سے تیقن اور مثبت ردعمل پر وہ مطمئن ہیں اور انہیں توقع ہے کہ حسب وعدہ حکومت ضرور سلویٰ فاطمہ کو مالی امداد فراہم کرتے ہوئے تلنگانہ کی ایک خاتون پائلٹ کی حوصلہ افزائی کرے گی ۔۔

TOPPOPULARRECENT