Sunday , September 23 2018
Home / ہندوستان / پابندی کا شکار ربادا عالمی نمبر ایک بولر بن گئے

پابندی کا شکار ربادا عالمی نمبر ایک بولر بن گئے

دبئی۔14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقی فاسٹ بولر کگیسو ربادا آئی سی سی کی تازہ ترین ٹسٹ درجہ بندی میں دوبارہ نمبر ایک مقام پر فائز ہوگئے ہیں جبکہ بیٹسمینوں میں اسٹیون اسمتھ بدستور سرفہرست ہیں۔جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کے دوسرے ٹسٹ کے بعد آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین ٹسٹ درجہ بندی میں آسٹریلیائی قائد اسمتھ کا پہلے مقام پر قبضہ برقرار ہے جبکہ ویراٹ کوہلی دوسرے، جیو روٹ تیسرے، کین ولیمسن چوتھے، ڈیوڈ وارنر پانچویں اور چتیشور پجارا چھٹے نمبر پر برقرار ہیں۔آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹسٹ میں سنچری بنانے کے بعد اے بی ڈی ویلیئرز 5 درجے ترقی پا کر 12ویں سے 7ویں نمبر پر آ گئے اور اس کے نتیجے میں اظہر علی آٹھویں مقام پر ایک درجہ تنزلی کے بعد چلے گئے۔ہاشم آملہ بھی ایک درجہ ترقی پا کر نویں نمبر پر آ گئے جبکہ ترقی کی صورت میں ڈین ایلگر بھی 13ویں نمبر پر آ گئے تاہم راس ٹیلر تنزلی کے بعد ٹاپ ٹین سے باہر ہو گئے ، عثمان خواجہ 5 درجے ترقی پا کر ٹاپ ٹونٹی میں شامل ہو گئے اور انہوں نے 16واں مقام حاصل کرلیا ہے۔جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈیوپلیسی تنزلی کے بعد 17ویں اور شان مارش 4 درجے تنزلی کے بعد 20ویں نمبر پر چلے گئے۔ ایڈن مارک رام 3 درجے نیچے جا کر صف اول کے 20 کھلاڑیوں کی فہرست سے باہر ہو گئے، وہ 19ویں سے 21ویں نمبر پر چلے گئے۔بولروں میں آئی سی سی کی جانب سے دو میچوں کی پابندی کا شکار ربادا دوبارہ دنیا کے نمبر ایک بولر بن گئے جنہوں نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹسٹ میں 11 وکٹیں لے کر ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔درجہ بندی میں آسٹریلیائی بولروں کی تنزلی ہوئی ہے جہاں جوش ہیزل ووڈ 2 درجے گر کر چوتھے سے چھٹے اور مچل اسٹارک 4 درجے تنزلی کے بعد پانچویں سے نویں نمبر پر چلے گئے اور نیتھن لیون نے دسواں مقام سنبھال لیا ہے۔جنوبی افریقہ کے ورنان فلینڈر ایک درجہ نقصان کے بعد 8 ویں نمبر پر چلے گئے جبکہ کیشپ مہاراج 19ویں نمبر پر موجود ہیں۔

TOPPOPULARRECENT