Friday , November 24 2017
Home / سیاسیات / پارلیمانی اجلاس سے قبل 15 نومبر کو کل جماعتی اجلاس

پارلیمانی اجلاس سے قبل 15 نومبر کو کل جماعتی اجلاس

نئی دہلی 10 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے آغاز کے موقع پر 15 نومبر کو کل جماعتی میٹنگ طلب کی ہے جہاں اعلیٰ قدری کرنسی سے دستبرداری، سرجیکل حملہ اور طلاق ثلاثہ جیسے مسائل زیربحث آنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت کے طلب کردہ اس اجلاس میں وزیراعظم نریندر مودی، وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ کے ساتھ ساتھ مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔ سرمائی اجلاس جو بالعموم نومبر کے تیسرے یا چوتھے ہفتے سے طلب کیا جاتا ہے، اُسے اِس مرتبہ کچھ پیشتر کرتے ہوئے 16 نومبر سے رکھا جارہا ہے تاکہ سنٹرل جی ایس ٹی (سی جی ایس ٹی) اور انٹیگریٹیڈ جی ایس ٹی (آئی جی ایس ٹی) قانون سازیوں کی عاجلانہ منظوری ہوجائے، جو گڈس اینڈ سرویسس ٹیکس (جی ایس ٹی) کے لئے راہ ہموار کریں گے۔ آرمی کے سرجیکل حملے اور بعض پارٹیوں کی جانب سے اس طرح کے الزامات کہ حکومت اسے سیاسی رنگ دینے کی کوشش کررہی ہے، نیز 500 روپئے اور 1000 روپئے کے کرنسی نوٹوں سے دستبرداری کا اقدام جیسے مسائل یقینی طور پر کل جماعتی اجلاس میں اٹھائے جائیں گے۔ حکومت بجٹ سیشن کو بھی ایک ماہ پیشتر کرنے پر غور و غوض کررہی ہے، جو آئندہ سال جنوری سے شروع ہونا ہے۔ حکومتی ذرائع نے کہاکہ جی ایس ٹی سے متعلق قانون سازیوں کے علاوہ لگ بھگ 15 نئے بلز کو متعارف کئے جانے کا امکان بھی ہے۔

TOPPOPULARRECENT