Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / پارلیمنٹ سشن کی طلبی کے تعلق سے جاریہ ہفتے فیصلہ

پارلیمنٹ سشن کی طلبی کے تعلق سے جاریہ ہفتے فیصلہ

جی ایس ٹی بل کی منظوری وقت کی اہم ضرورت ۔ مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو کا بیان
حیدرآباد 7 ستمبر ( پی ٹی آئی ) مرکزی حکومت پارلیمنٹ کے توسیعی سشن کی طلبی کے تعلق سے جاریہ ہفتے کوئی فیصلہ کرسکتی ہے تاکہ جی ایس ٹی بل کو ایوان میں منظور کیا جاسکے ۔ پارلیمانی امور کے وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے آج یہ اشارہ دیا ۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت حکومت توسیعی سشن کی طلبی کے تعلق سے دلچسپی رکھتی ہے لیکن قطعی فیصلہ اپوزیشن سے مشاورت کا عمل مکمل ہونے کے بعد ہی کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ پہلے ہی مختلف جماعتوں کے اہم قائدین سے مشاورت کرچکے ہیں۔ ایک یا دو دن میں مشاورت کا عمل مکمل ہوجائیگا ۔ اس کی تکمیل کے بعد ہی ہم اجلاس کی طلبی کے تعلق سے کوئی فیصلہ کرینگے ۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ جی ایس ٹی بل ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے ضروری ہے انہوں نے کانگریس اور دوسری اپوزیشن جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ اس بل کی منظوری میں تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن جماعتیں تعاون کرنے تیار ہوجائیں تو ہم پارلیمنٹ کا توسیعی سشن طلب کرنے کے خواہشمند ہیں کیونکہ وقت کی اہم ضرورت یہ ہے کہ جی ایس ٹی بل کو منظور کیا جائے ۔ جی ایس ٹی بل عالمی معاشی بحران کی وجہ سے بہت ضروری ہوگیا ہے ۔ ہندوستان کو اپنی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے اضافی اقدامات کی ضرورت ہے ۔ ایسا ہی ایک قدم جی ایس ٹی بل ہے جو گذشتہ آٹھ سال سے التوا کا شکار ہے ۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ جی ایس ٹی بل کے تعلق سے تمام مسائل کو حل کرلیا گیا ہے مسٹر نائیڈو نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو اگر اب بھی کچھ اعتراضات ہیں تو وہ پیش کئے جاسکتے ہیں انہیں ایوان میں پیش کیا جاسکتا ہے تاہم ایوان کی کارروائی کو آگے بڑھنے کا موقع دیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اس بل کے تعلق سے پہلے کئی اندیشے تھے ۔ مختلف ریاستوں کے پانچ وزرا نے سب کمیٹی اجلاسوں کی صدارت کی ۔ انہوں نے کافی محنت کی ہے اور تقریبا تمام مسائل کو حل کرلیا ہے ۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی نے بھی مختلف ریاستوں کے ساتھ مشاورت کرلی ہے اور اب کسی کیلئے بھی اس کی مخالفت کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے ۔ انہوںن ے کہا کہ وہ کانگریس اور تمام جماعتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پارلیمنٹ کی کارروائی چلانے میں حکومت سے تعاون کریں۔

TOPPOPULARRECENT