پارلیمنٹ میں اپوزیشن جماعتوں کا ہنگامہ نا مناسب

وزیر اعظم ملک کو ہر محاذ پر ترقی دینا چاہتے ہیں۔ وزیر مواصلات روی شنکر پرساد کا خطاب

وزیر اعظم ملک کو ہر محاذ پر ترقی دینا چاہتے ہیں۔ وزیر مواصلات روی شنکر پرساد کا خطاب
حیدرآباد 13 ڈسمبر ( پی ٹی آئی ) مرکزی وزیر مسٹر روی شنکر پرساد نے آج کانگریس کے بشمول اپوزیشن جماعتوں کو پارلیمنٹ میں حالیہ دنوں میں ہنگامہ آرائی پر تنقید کا نشانہ بنایا اور ان سے کہا کہ وہ ایوان میں صبر و تحمل سے کام لیں۔ مسٹر پرساد نے اپوزیشن کے رویہ کو نامناسب اور حیرت انگیز قرار دیا ۔ روی شنکر پرساد نے یہاں بی جے پی کے ریاستی دفتر میں پارٹی ورکرس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان ( اپوزیشن ) میں جوابدہی کا احساس نہیں ہے ‘ کوئی سوچ و فکر نہیں ہے اور نہ ہی وہ حقائق کو تسلیم کر رہے ہیں۔ وہ صرف مخالفت برائے مخالفت کے اصول پر عمل پیرا ہیں حالانکہ عوام نے انہیں بارہا مسترد کردیا ہے ۔ وزیر مواصلات نے کانگریس کی صدر سونیا گاندھی ‘ سماجوادی پارٹی کے صدر ملائم سنگھ یادو ‘ آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو اور جے ڈی یو کے لیڈر نتیش کمار پر تنقید کی اور کہا کہ یہ لوگ ہر چیز کا مسئلہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے ان تمام قائدین سے کہا کہ تھوڑا شانت رہئے ۔ عوام نے آپ کو مسترد کردیا ہے ۔ تھوڑا آرام کیجئے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا رویہ غلط اور حیرت انگیز ہے ۔ لیکن حکومت کو اس کی فکر نہیں ہے کیونکہ حکومت کی ساری توجہ صرف ہندوستان کو ترقی دینے پر ہے ۔ وزیر اعظم نریندرمودی ہندوستان کے ہر خطہ کو ترقی کی شاہراہ پر لیجانا چاہتے ہیں۔ ہمارا واحد مقصد ہندوستان کو تمام محاذوں پر ترقی دینا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار میں رہنے کے بعد سونیا گاندھی صرف 44 نشستوں تک محدود ہوگئی ہیں لالو پرساد یادو 40 سے گھٹ کر چار پر آگئے ہیں۔ نتیش کمار کی تعداد کم ہو کر دو ہوگئی ہے اور ملائم سنگھ یادو کی پارٹی خاندانی میراث بن گئی ہے ۔ ان کے فرزند چیف منسٹر ہیں ‘ ان کی بہو اور بھانجے ارکان پارلیمنٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم موبائیل کے ذریعہ حکمرانی چاہتے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ عوام کو ہر طرح کی سہولیات الیکٹرانک فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ہندوستان کو ڈیجیٹل ترقی دینے کا ہے جہاں تقریبا 2.5 لاکھ گاووں اور پنچایتوں کو براڈ بیانڈ سے مربوط کیا جائیگا ۔ ہم آئندہ تین ساڑھے تین یہ کام کرینگے ۔

TOPPOPULARRECENT