Monday , September 24 2018
Home / اضلاع کی خبریں / پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل کی منظوری پر جشن کا ماحول

پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل کی منظوری پر جشن کا ماحول

آرمور : علیحدہ تلنگانہ بل پارلیمنٹ میں منظور ہونے کی خوشی میں آرمور میں ٹی آر ایس، کانگریس، ٹی ڈی پی، بی جے پی، سی پی آئی، سی پی ایم کی جانب سے ریالیوں کا اہتمام کیا گیا ،آتش بازی کی گئی اور تلنگانہ کی خوشی میں مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔

آرمور : علیحدہ تلنگانہ بل پارلیمنٹ میں منظور ہونے کی خوشی میں آرمور میں ٹی آر ایس، کانگریس، ٹی ڈی پی، بی جے پی، سی پی آئی، سی پی ایم کی جانب سے ریالیوں کا اہتمام کیا گیا ،آتش بازی کی گئی اور تلنگانہ کی خوشی میں مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔
مدہول : تشکیل تلنگانہ کا بل پارلیمنٹ میں کیے جانے پر مدہول منڈل میںجشن کا ماحول دیکھاجا رہا ہے سیاسی قائدین ہو یا سماجی و مذہبی قائدین نے مبارک باد پیش کر تے ہوئے مٹھا ئی کی تقسیم اور آتش بازی کر تے دیکھے گئے علحدہ تلنگانہ کے قیام کو عوام نے حق کی جیت قرار دیا اور مرکزی حکومت سے اظہار تشکر کیا جبکہ حلقہ مدہول کے کا نگر یس قائدین نے علحدہ تلنگا نہ کے قیام کوکانگریس پارٹی کا شاہکار قرار دیتے ہوئے کہاکہ یو پی اے چیر پر سن سو نیا گا ندھی نے سیاسی مفاد کو بالائے طاق رکھتے ہوئے تلنگانہ کا بل پارلیمنٹ میں پیش کر کے تلنگانہ عوام کے احساسات و جذبات کی قدر کی ہے جس کی جتنی ستا ئش کی جائے کم ہے علحدہ تلنگا نہ کا بل پار لیمنٹ میں پیش کئے جا نے پر مد ہول کے کا نگر یس قائدین جن میں جناب افروز خان کا نگر یس پار ٹی صدر مد ہول منڈل ، سید خالد مخدوم سابق ایم پی ٹی سی مد ہول ، سنجے شنڈے کے علاوہ دیگر کا نگر یسی قائدین مو جود تھے واضح رہے کہ تلنگانہ کے جشن کا اسکولی طلبا نے اظہار کر تے ہوئے ایک زبر دست ریالی منظم کی ۔
کاغذ نگر : پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل منظور ہونے کی خبر سنتے ہی کاغذ نگر میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی اور تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے تعاون سے راجیو گاندھی چوک پر جشن منایا گیا، پٹاخے چھوڑے گئے، مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ ایک دوسرے پر گلال پھینکا گیا اور خوشی میں رقص کیا گیا۔ اس موقع پر جناب جبار خان ڈسٹرکٹ پریسیڈنٹ مائناریٹی سیل تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمارا خوب شرمندۂ تعبیر ہوا ہے۔ بعدازاں سرپور پیپر ملز کے گیٹ کے روبرو بھی فیاکٹری کے اسٹاف اور ورکرس نے جشن منایا۔ پٹاخے چھوڑے، اس موقع پر جناب حافظ سید غوث، جناب محمد ارشد، جناب منو، مسٹر ایس سرینواس سابق میونسپل کونسلر اور مسٹر وشویشور راؤ سابق میونسپل کونسلرس کے علاوہ سرکاری ملازمین اور طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی۔
جگتیال : 18 فروری 2014ء کے دن تلنگانہ عوام کیلئے یادگار ہے جس کو تاریخ میں سنہری الفاظ میں لکھا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار سابق ریاستی وزیر ٹی جیون ریڈی نے پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل کی منظوری پر اپنے کارکنوں کے ہمراہ ایک زبردست جشن تلنگانہ منایا۔ امبیڈکر کے مجسمہ کو گلہائے عقیدت پیش کرنے کے بعد انتہائی ـجذباتی انداز میں کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر نے جو چھوٹی ریاستوں کے قیام کیلئے قانونی حق دیا تھا، آج وہ حق تلنگانہ عوام کو حاصل ہوگیا۔ سونیا گاندھی نے تلنگانہ ریاست کے قیام کیلئے کئے گئے وعدہ پر قائم رہتے ہوئے اس کو پورا کردیا۔ آج جونہی تلنگانہ بل پارلیمنٹ میں منظوری کا اعلان ہوا، اس کے ساتھ ہی شہر جگتیال میں جشن کا ماحول پیدا ہوگیا اور مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ قائدین اور کارکن ٹی آر ایس، بی جے پی اور کانگریس کے علاوہ جے اے سی اور خانگی مدارس کے طلباء و طالبات نے بڑے پیمانے پر بیانڈ باجے کے ساتھ علیحدہ علیحدہ جشن کی ریالیوں کا اہتمام کیا اور ناچ گانا کیا اور آتش بازی کی گئی۔
کلواکرتی : کلواکرتی میں آج جیسے ہی یہ اطلاع عام ہوئی کہ پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل منظور ہوا ہے، تمام سیاسی و سماجی جماعتوں کی جانب سے ریالیوں کا اہتمام کیا گیا۔ ہر طرف پٹاخوں کی گونج اور جئے تلنگانہ کے نعرے سنائی دیئے۔ اسکولس و کالجس کے طلباء و طالبات سڑکوں پر نکل کر تلنگانہ کا جشن منایا۔ آج پورا شہر کلواکرتی کے جشن کے ماحول میں ڈوب گیا۔ لوگ ایک دوسرے پر گلال پھینک کر ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہوئے جشن منارہے تھے۔ ٹی آر ایس، جے اے سی، کانگریس، بی جے پی، جمعیتہ العلماء ہند، ٹی این جی یو، تلنگانہ وکلاء اور دیگر پارٹیوں کے نمائندوں نے اس جشن میں حصہ لیا۔
گمبھی راؤ پیٹ: علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل سے متعلق بل کو لوک سبھا میں منظور کئے جانے کی اطلاع پر گمبھی راؤ پیٹ اور اس کے اطراف متاباد، یلاریڈی پیٹ میں تلنگانہ حامیوں نے زبردست خوشی منائی اور رقص کرتے ہوئے آتش بازی کی۔ تلنگانہ حامیوں ٹی پروشوتم، راجہ رام، وینکٹ سوامی، محبوب علی، شکر گوڑ، لنگم یادو، حمیدالدین خالد، سید ولایت، اے سوامی وغیرہ نے بیانڈ باجے کے ساتھ جلوس نکالا اور ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی جبکہ مقامی سرکاری مدارس کے طلباء بھی جشن کی ریالی منظم کی۔
بھینسہ : بھینسہ شہر میں آج جیسے ہی پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل منظور ہوا، شہر میں تلنگانہ حامیوں نے زبردست جشن منایا۔ بھینسہ میں تمام محکمہ جات کے ایمپلائیز و تلنگانہ حامی سیاسی جماعتوں کے قائدین ایک دوسرے کو مبارکبا دیتے ہوئے اور آتش بازی کرتے ہوئے دیکھے گئے۔ بھینسہ میں سابق رکن اسمبلی بی نارائن راؤ پٹیل کی قیام گاہ پر کانگریس قائدین میں مسٹر پٹیل نے مٹھائیاں تقسیم کیں اور وہاں رقص کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر آتش بازی بھی کی گئی۔ اس موقع پر بی نارائن راؤ پٹیل، شیخ میراں سابق کونسلر، گنگا دھر، شنکر ، چندرے، ہاشم خاں، احمد باشا ، پاشاہ میاں سنٹرنگ، معزالحق قدیر، معین الدین کے علاوہ دیگر تلنگانہ حامیوں کی کثیر تعداد نے جشن میں حصہ لیا۔
٭ رکن اسمبلی مدھول ڈاکٹر ایس وینو گوپال چاری کی رہائش گاہ پر بھی رکن اسمبلی و تلنگانہ حامیوں اور ٹی آر ایس قائدین و ٹی این جی اوز قائدین، آر ٹی سی ملازمین نے جوش و خروش کے ساتھ جشن منایا اور علیحدہ تلنگانہ بل کے پاس ہونے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے آتش بازی کی اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔ اس موقع پر چاری نے کہا کہ تلنگانہ کا خواب پورا ہوا اور تمام نوجوانوں کی قربانی کام آئی اور تلنگانہ کا خواب شرمندۂ تعبیر ہوا۔ یہ طلباء و دیگر نوجوانوں کی جانوں کی قربانی کی مرہون منت ہے۔
ورنگل : تلنگانہ کے عوام کو ان کا حق مل گیا۔ گزشتہ 60 سال سے جاری علیحدہ ریاست تلنگانہ کی جدوجہد رنگ لائی ہے۔ تلنگانہ ریاست کو ہندوستان کی ایک مثالی ریاست بنایا جانا چاہئے جس میں تمام فرقوں کے لوگوں کو انصاف ملنا چاہئے۔ یو پی اے چیرپرسن محترمہ سونیا گاندھی، ٹی آر ایس سربراہ چندر شیکھر راؤ، سیاست کے مینیجنگ ایڈیٹر جناب ظہیرالدین علی خاں، کے ٹی آڑ، ایٹالہ راجندر اور تمام تلنگانہ تحریک میں حصہ لینے والے مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ممتاز این آر آئی ایم اے خلیل نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ علیحدہ ریاست کی مانگ کو لے کر تمام جدوجہد کرنے والے افراد مبارکباد کے مستحق ہیں۔
سرپور ٹاؤن : تلنگانہ ریاست کے قیام کیلئے آج پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل کی منظوری پر سرپور ٹاؤن جوائنٹ الیکشن کمیٹی صدر پی ناناجی، محمد ابرار احمد خاں کی نگرانی میں سرپور ٹاؤن بس اسٹانڈ مستقر پر آتشبازی کرتے ہوئے آپس میں مٹھائیاں تقسیم کیں اور ان کے علاوہ کانگریس قائدین، تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی قائدین، تلنگانہ راشٹرا سمیتی پارٹی قائدین اور ٹیچرس قائدین اور طلباء یونین کی جانب سے الگ الگ سرپور ٹاؤن بس اسٹانڈ پر پارلیمنٹ میں علیحدہ ریاست تلنگانہ کی بل منظور کئے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے عوام اور اسکولوں اور کالجوں کے طلباء میں مٹھائی تقسیم کرتے ہوئے اور آتش بازی کرتے ہوئے آپس میں ایک دوسروں کو مبارکباد پیش کی گئی۔

TOPPOPULARRECENT