Tuesday , October 16 2018
Home / سیاسیات / پارلیمنٹ کا ڈسمبر میں سرمائی سیشن

پارلیمنٹ کا ڈسمبر میں سرمائی سیشن

اپوزیشن نے بھی ایسا ہی کیا تھا ، وزیرپارلیمانی اُمور کا بیان
نئی دہلی ۔ 21 نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر پارلیمانی اُمور اننت کمار نے آج کہاکہ حکومت ڈسمبر میں پارلیمنٹ کا سرمائی سیشن طلب کرے گی اور اس کی تواریخ کا متعاقب اعلان کیا جائے گا ۔ انھوں نے آج اپوزیشن پر تنقید کی اور کہاکہ یو پی اے دورِ حکومت میں بھی پارلیمنٹ کے سرمائی سیشن کو اسی طرح طلب کیا گیا تھا ۔ انھوں نے کانگریس کے ان الزامات کو مسترد کردیا کہ حکومت پارلیمنٹ سیشن کی طلبی میں تاخیر کررہی ہے ۔ اننت کمار نے کہا کہ اپوزیشن پارٹی مطلب کی بھول کا شکار ہے کیونکہ کانگریس زیرقیادت یو پی اے حکومت میں بھی 2008 اور 2013 ء کے درمیان ڈسمبر میں ہی سرمائی سیشن طلب کیا گیاتھا ۔ عام طورپر اسمبلی انتخابات کے ساتھ پارلیمنٹ سیشن کو طلب نہیں کیاجاتا ۔ ماضی میں بھی ایسا ہی کیا جاتا رہا ہے ۔ جب ان سے کانگریس کے الزامات کے بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے کہا کہ کانگریس مایوسی کاشکار ہوکر اس طرح کے الزامات عائد کررہی ہے ۔ گجرات اور ہماچل پردیش میں اسمبلی انتخابات کے بعد کانگریس کا صفایہ ہونے والا ہے ۔ کل ہی سونیا گاندھی نے حکومت پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ پارلیمنٹ کے سرمائی سیشن کو سبوتاج کررہی ہے ۔ اننت کمار نے کہاکہ کانگریس کے اس بیان سے یہ واضح ہوتا ہے کہ وہ ہماچل پردیش اور گجرات اسمبلی انتخابات میں ناکامی کو تسلیم کررہی ہے اور اسی مایوسی کے عالم میں حکومت پر الزامات عائد کررہی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT