پارلیمنٹ کے اجلاس پہلے بھی موخر ہوتے رہے ہیں:نقوی

نئی دہلی۔ 21 نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) اقلیتی امورکے مرکزی وزیر مختا رعباس نقوی نے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس گجرات اسمبلی الیکشن کے بعد ہی ہونے کا آج واضح اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ پہلے بھی اہم انتخابات ہونے پر پارلیمنٹ کے اجلاس کی تاریخوں میں ترمیم کی جاتی رہی ہے۔ نقوی نے یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے میں تاخیر کیلئے مودی حکومت کی نکتہ چینی کرنے والی کانگریس پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی جمہوریت کے سلسلے میں اس کا ریکارڈ داغدار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ایمرجنسی کے وقت پارلیمنٹ پر تالا لگوادیا تھا اور آئینی اداروں کو تباہ کردیا تھا اس لئے وہ ہمیں پارلیمانی جمہوریت کا سبق نہ پڑھائے ۔پارلیمانی امور کے وزیر رہ چکے نقوی نے کہا کہ جب بھی اہم انتخابات ہوتے ہیں ممبران پارلیمنٹ اور سیاسی جماعتوں کے لیڈران انتخابی مہم میں مصروف رہنے کی وجہ سے خود ہی پارلیمنٹ کا اجلاس موخر کرنے کی اپیل کرتے ہیں اوراس کی تاریخوں میں تبدیلی کی جاتی رہی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT