پاسپورٹ کیلئے صرف 3 دن میں پولیس انکوائری

سائبرآباد پولیس کمشنریٹ ٹکنالوجی سے آراستہ ، کمشنر سی وی آنند کا بیان

سائبرآباد پولیس کمشنریٹ ٹکنالوجی سے آراستہ ، کمشنر سی وی آنند کا بیان
حیدرآباد /2 فروری ( سیاست نیوز ) انفارمیشن ٹکنالوجی اور آئی ٹی ہب کی شناخت رکھنے والے سائبرآباد کمشنریٹ میں پولیس نے ٹکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرنے کے اقدامات کا آغاز کردیا ہے ۔ جرائم کی روک تھام کیلئے نئے آلات کے استعمال کے بعد اب پاسپورٹ انکوائری اور انفارمیشن میں منفرد اسکیم کا آغاز کردیا ہے ۔ سائبرآباد پولیس کا دعویٰ ہے کہ اس ٹکنالوجی کے استفادہ سے 13 دن میں مکمل ہونے والی انکوائری اور ویریفکیشن اب 3 تا 4 دن کے اندر مکمل ہوجائے گا ۔ یہ بات کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر سی وی آنند نے بتائی ۔ انہوں نے آج یہاں سائبرآباد پولیس کمشنریٹ میں منعقدہ پروگرام میں یہ بات بتائی ۔ اس موقع پر ریجنل پاسپورٹ آفیسر اشونی ستار کے علاوہ تلنگانہ کے انٹلی جنس آئی جی پی مسٹر بی شیودھر ریڈی انٹلی جنس کے ایڈیشنل آئی بی پی مسٹر رمیش ریڈی کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے ۔ اس موقع پر کمشنر پولیس مسٹر سی وی آنند نے اسپیشل برانچ کے عہدیداروں میں خصوصی ٹیابس تقسیم کئے ۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ ٹیابس کی مدد سے پاسپورٹ کی انکوائری اور ویریفکیشن میں آسانی ہوگی ۔ وقت کے ساتھ ساتھ پولیس پر کام کا دباؤ بھی کم ہوگا اور زیر التواء درخواستوں کے سلسلہ کو کم کرنے میں کافی مدد ملے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ سائبرآباد پولیس کمشنریٹ حدود میں پاسپورٹ ویریفیکیشن میں جو مسائل پیش آرہے تھے اور پاسپورٹ کی اجرائی میں جو مشکلات تھیں اب ان اقدامات میں راحت ہوگی ۔ ان مسائل کی یکسوئی کے پیش نظر ایس بی کے عہدیداروں میں ٹیابس تقسیم کئے گئے ۔ انکوائری کے دوران ان ٹیابس کے ذریعہ عہدیدار تحقیقاتی رپورٹ کو آن لائین روانہ کردیں گے ۔ جو راست ریجنل پاسپورٹ آفس پہونچ جائے گی ۔ اس موقع پر ریجنل پاسپورٹ آفیسر مسٹر اشونی ستار نے بتایا کہ یہ ٹکنالوجی کافی مددگار ثابت ہوگی ۔ انہوں نے بتایا کہ درخواست گذار کو ایس ایم ایس جاری کردیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ جاریہ سال ملک بھر میں ایک کروڑ 25 لاکھ پاسپورٹ جاری کرنے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے ۔ انہوں نے سائبرآباد پولیس کے اقدامات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ جس دن انکوائری کی جائے گی اس دن درخواست گذار کو ایس ایم ایس کے ذریعہ پیغام دینا اور متعلقہ آفیسر کے تعلق سے بتانا خوش آئند اقدام ہے ۔ انہوں نے عوام الناس سے درخواست کی کہ وہ متعلقہ ایس بی ( اسپیشل برانچ ) کے عہدیدار سے مکمل تعاون کریں تاکہ پولیس کے اقدامات کامیاب اور عوامی سہولیات کی اسکیم کامیاب ہوسکے ۔ اس موقع پر ایس بی کے دیگر عہدیدار موجود تھے ۔

TOPPOPULARRECENT