Monday , November 20 2017
Home / اضلاع کی خبریں / پالمور پراجکٹ کی تکمیل کیلئے حکومت سنجیدہ

پالمور پراجکٹ کی تکمیل کیلئے حکومت سنجیدہ

رکن اسمبلی نارائن پیٹ ایس راجندر ریڈی کی صحافیوں سے بات چیت
نارائن پیٹ۔/17اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن اسمبلی نارائن پیٹ مسٹر ایس راجندر ریڈی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ خشک سالی سے متاثر ضلع محبوب نگر کے تمام منڈلوں کو پالمور لفٹ اریگیشن پراجکٹ کے ذریعہ مرحلہ وار پانی سے سیراب کیا جائے گا اوراندرون ایک سال اس علاقہ میں صاف پینے کے پانی اور کھیتوں کو سیراب کرنے کیلئے وافر مقدار میں پانی کی سربراہی کا آغاز ہوگااور یہ علاقہ سرسبز و شاداب ہوگا۔ اس پراجکٹ کی جلد از جلد تکمیل کے لئے وزیر اعلیٰ کے سی آر بہت سنجیدہ ہیں اور اس کے عملی اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ پالمور لفٹ اریگیشن پراجکٹ کے پہلے مرحلہ میں کروناکر کے ذریعہ نارائن پیٹ حلقہ اسمبلی کے 93 منڈلوں، کوئل کنڈہ، دھنواڑہ، ،نارائن پیٹ کو پانی سربراہ کیا جائے گا۔ دولت آباد منڈل کو دولت آباد کے بڑے تالاب کے ذریعہ دامرگدہ وغیرہ کو بھی سیراب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے تین سالوں کے دوران ہر بلدیہ کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی کے انتظامات کو قطعیت دی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ وزیر اعلیٰ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سنہرے تلنگانہ کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے نارائن پیٹ حلقہ اسمبلی کے عوام کو خوشخبری سنائی کہ اب وہ دن دور نہیں ہیں جب نارائن پیٹ ہمہ جہتی ترقی کی طرف گامزن ہوگا۔پسماندگی کا دور ازکار رفتہ ہوجائیگا۔ خوشحالی، ترقی کے پھل سے ہم بھی مستفید ہوں گے۔

TOPPOPULARRECENT