Sunday , December 17 2017
Home / شہر کی خبریں / پالیرو ضمنی انتخاب کیلئے تملا ناگیشور راؤ وزیر عمارات و شوارع ٹی آر ایس کے امیدوار

پالیرو ضمنی انتخاب کیلئے تملا ناگیشور راؤ وزیر عمارات و شوارع ٹی آر ایس کے امیدوار

چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر ، تلگو دیشم سے ناما ناگیشور راؤ متوقع امیدوار
حیدرآباد۔/21اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کو یقین ہے کہ کھمم ضلع کے پالیرو اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں وزیر عمارات و شوارع تملا ناگیشور راؤ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔ پارٹی نے کھمم سے تعلق رکھنے والے مضبوط قائد کو امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ناگیشورراؤ نے جو تلگودیشم پارٹی میں قدآور قائد کی حیثیت سے جانے جاتے تھے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی اور انہیں کابینہ میں شامل کرلیا گیا۔ دوسری طرف تلگودیشم پارٹی ضلع سے تعلق رکھنے والے سینئر قائد ناما ناگیشور راؤ کو امیدوار بنانے پر غور کررہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چندرا بابو نائیڈو نے اس سلسلہ میں تلنگانہ کے قائدین سے مشاورت کی۔ ناما ناگیشورراؤ لوک سبھا میں تلگودیشم پارٹی کے پارلیمانی قائد کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ کھمم ضلع میں اپنا خاصا اثر رکھتے ہیں اور تملا ناگیشورراؤ کے مقابلہ انہیں مضبوط قائد کی حیثیت سے دیکھا جارہا ہے۔ سیاسی مبصرین کا خیال ہے کہ پالیرو اسمبلی حلقہ کا ضمنی چناؤ کافی دلچسپ ہوگا۔ تلگودیشم پارٹی تلنگانہ میں اپنا اثر دکھانے اور خاص طور پر کھمم کے اپنے مضبوط گڑھ میں واپسی کیلئے بائیں بازو جماعتوں کی تائید حاصل کرنے کی کوشش کرسکتی ہے۔ اسی دوران تملا ناگیشورراؤ نے چیف منسٹر سے ملاقات کرتے ہوئے پارٹی امیدوار بنائے جانے پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے چیف منسٹر کو یقین دلایا کہ جس طرح حالیہ بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس نے کھمم میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے اسی طرح کھمم کے ضمنی انتخاب میں بھی پارٹی کو کامیابی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عوام ٹی آر ایس کے ساتھ ہیں اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے شروع کی گئی فلاحی و ترقیاتی اسکیمات کی بنیاد پر انہیں کامیابی حاصل ہوگی۔ ناگیشورراؤ نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں ان کا ایجنڈہ حکومت کے فلاحی اسکیمات ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وہ پالیرو اسمبلی حلقہ کو اچھی طرح جانتے ہیں اور پالیرو کے عوام ان سے اچھی طرح واقف ہیں۔ پارٹی کے فیصلہ کے مطابق وہ اس حلقہ سے مقابلہ کررہے ہیں۔ انتخابی مہم میں حکومت کی اسکیمات کو عوام تک پہنچاتے ہوئے اسی بنیاد پر ووٹ دینے کی اپیل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مشن بھیگرتا کے ذریعہ گھر گھر صاف پینے کے پانی کی فراہمی کا منصوبہ ہے اور چیف منسٹر نے اس وعدہ کی عدم تکمیل کی صورت میں دوبارہ ووٹ نہ مانگنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر وہ واحد چیف منسٹر ہیں جنہوں نے وعدہ کی عدم تکمیل کی صورت میں اس طرح کا جرأتمندانہ اعلان کیا۔ اسی دوران کانگریس پارٹی امیدوار کے انتخاب کیلئے مشاورت کررہی ہے۔ اس حلقہ میں کانگریس کے رکن اسمبلی رام ریڈی وینکٹ ریڈی کے انتقال کے سبب ضمنی چناؤ ہورہا ہے۔ کانگریس کے علاوہ بائیں بازو کی جماعتیں بھی انتخابی حکمت عملی طئے کرنے میں مصروف ہیں۔ اس حلقہ میں 16مئی کو رائے دہی مقرر ہے۔

TOPPOPULARRECENT