Friday , December 15 2017
Home / دنیا / پامیرا کی قدیم محراب کی نقل لندن میں

پامیرا کی قدیم محراب کی نقل لندن میں

لندن ۔ 19 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) شام کے قدیم شہر پامیرا میں شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کے ہاتھوں تباہ ہونے والی یادگاری قدیم محراب کی نقل لندن کے ٹریفیلگر اسکوائر میں نصب کی گئی ہے۔ دو ہزار سال پرانی یہ محراب بیل کے معبد کے باقی رہ جانے والے آخری آثار قدیمہ میں سے ایک تھی اور یہ معبد شام میں یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کا حصہ ہے۔ انسٹیٹیوٹ آف ڈیجیٹل آرکیالوجی نے اس محراب کو تصاویر اور تھری ڈی پرنٹر کا استعمال کرتے ہوئے مصری سنگِ مر مر سے تخلیق کیا ہے۔ لندن کے بعد اس کی نمائش کئی دیگر ممالک میں بھی کی جائیگی۔ اس نمونے کو نیویارک اور دبئی لے جانے سے پہلے اس کے دو تہائی حصہ کو ٹریفیلگر سکوائر میں تین دنوں کیلئے رکھا جائے گا۔ آئی ڈی اے کے ایگزیکیٹو ڈائریکٹر روجر مائیکل کا کہنا تھا کہ اس نمونے کو اگلے سال پامیرا میں محراب کی اصلی جگہ کے نزدیک مستقل طور پر نصب کر دینگے۔ لندن میں نمونے کو نصب کرنے کے دوران موجود شام کے آثار قدیمہ کے ڈائریکٹر مامون عبدالکریم کا کہنا تھا کہ ’یہ دنیا میں آگاہی پھیلانے کا پیغام ہے۔ یہ صرف شام کے لوگوں کیلئے نہیں بلکہ تمام دنیا کا مشترکہ ورثہ ہے۔ ‘ پیلمائرہ اور اس کے کھنڈرات کو جن پر دولت اسلامیہ نے گذشتہ برس مئی میں قبضہ کر لیا تھا، جاریہ برس مارچ کے آخر میں واپس حاصل کر لیا گیا تھا۔ دی انسٹیٹیوٹ آف ڈیجیٹل آرکیالوجی امریکہ کی ہارورڈ یونیورسٹی، برطانیہ کی یونیورسٹی آف آکسفورڈ اور دبئی کے میوزیئم آف دی فیوچر کی مشترکہ کاوش ہے۔ فی الحال یہ ادارہ پورے مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں لوگوں کو رضاکارانہ طور پر تھری ڈی کیمرے دے رہا ہے تاکہ وہ ان مقامات کی تصاویر کھینچ سکیں جن کو خطرہ ہو سکتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT