Saturday , September 22 2018
Home / ہندوستان / پانچ جیش محمد، حزب المجاہدین عسکریت پسند ہلاک

پانچ جیش محمد، حزب المجاہدین عسکریت پسند ہلاک

جنوبی کشمیر میں سکیورٹی فورسیس کی بڑی کامیابی، پولیس کا بیان

جنوبی کشمیر میں سکیورٹی فورسیس کی بڑی کامیابی، پولیس کا بیان
سرینگر ، 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایک بڑی کامیابی میں سکیورٹی فورسیس نے آج جیش محمد اور حزب المجاہدین کے پانچ کٹر عسکریت پسندوں کو جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں بندوق کی شدید لڑائی میں گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس، کشمیر، عبد الغنی میر نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ ضلع شوپیان میں کئی گھنٹے طویل انکاؤنٹر پانچ خطرناک عسکریت پسندوں کی ہلاکت کے ساتھ اختتام پذیر ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مہلوک عسکریت پسندوں کا تعلق جیش محمد اور حزب المجاہدین عسکری تنظیموں کے ساتھ تھا اور اُن کے پاس سے اسلحہ اور گولہ بارود کا ذخیرہ بشمول تین اے کے اسالٹ رائفلز، ایک ایس ایل آر اور ایک پستول برآمد کئے گئے۔ یہ انکاؤنٹر آج صبح عسکریت پسندوں اور پولیس، آرمی اور سی آر پی ایف پر مشتمل سکیورٹی فورسیس کے درمیان کدیر جنگلاتی علاقہ میں تلاشی مہم کے دوران پیش آیا، جو یہاں سے 60 کیلومیٹر دور شوپیان میں کیلر پولیس اسٹیشن حدود میں آتا ہے۔ سکیورٹی فورسیس نے یہ آپریشن اُس علاقہ میں عسکریت پسندوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع پر شروع کیا تھا۔ پولیس نے کہا کہ روپوش عسکریت پسندوں نے سرچ پارٹیوں پر فائرنگ شروع کی اور فرار ہونا چاہا۔ تاہم سکیورٹی فورسیس نے فراری کی راہیں بند کردیں اور عسکریت پسندوں کو مدبھیڑ میں مشغول رکھا۔ پولیس کے بموجب مہلوک عسکریت پسندوں کی شناخت اور اُن کی قومیت معلوم ہونے کا انتظار ہے کیونکہ سرچ آپریشن ہنوز جاری ہے۔

TOPPOPULARRECENT