Saturday , December 16 2017
Home / اضلاع کی خبریں / پانی کے ہر بوند کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری

پانی کے ہر بوند کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری

آبی سربراہی کو یقینی بنائیں، عہدیداروں اور عوامی نمائندوں کو ہریش راؤ کی ہدایت

سنگاریڈی۔ /4مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع میدک میں سخت موسم گرما کے پیش نظر شہری و دیہی علاقوں میں موثر انداز میں آبی سربراہی کے اقدامات کئے جائیں۔ اس خصوص میں عہدیدار اور عوامی منتخبہ نمائندوں کے مشترکہ تعاون کے ذریعہ عوام کیلئے پینے کے پانی کی سربراہی کو یقینی بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر آبپاشی مسٹر ٹی ہریش راؤ نے جدید کلکٹریٹ سنگاریڈی میں منعقدہ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ڈیویژن، منڈل سطح کے عہدیداروں، عوامی منتخبہ نمائندوں، زیڈ پی ٹی سیز، ایم پی ٹی سیز اور سرپنچوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر رونالڈ روز، ڈپٹی اسپیکر پدما دیویندر ریڈی، ارکان اسمبلی رام لنگا ریڈی، چنتا پربھاکر، مدن ریڈی، ایم ایل سی سدھاکر ریڈی موجود تھے۔ وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے کہا کہ ماہ مئی میں عوام کو بغیر رکاوٹ آبی سربراہی کو یقینی بنائیں کسی بھی قسم کی شکایت کا موقع نہ دیں، جہاں پر پانی کی شدید قلت ہو وہاں پر خانگی بورویلس کرایہ پر حاصل کرتے ہوئے جنگی خطوط پر آبی سربراہی کے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میدک میں ’’ انجذابی گڑھوں ‘‘ کی بڑے پیمانے پر تعمیر عمل میں لائی جائے تاکہ زیر زمین سطح آب میں اضافہ ہوسکے۔ پانی کی ایک ایک بوند کی قدر کرتے ہوئے پانی کی حفاظت کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ریاستی حکومت اس خصوص میں کئی ایک اقدامات کررہی ہے۔ انجذابی گڑھوں کی تعمیر میں ریاستی سطح پر ضلع میدک سرفہرست ہے۔ منڈل سطح پر صدفیصد انجذابی گڑھوں کی تعمیر پر دس لاکھ روپئے انعام اول دیئے جائیں گے۔ دوسرے مقام پر آنے والوں کو 5 لاکھ روپئے ، تیسرا مقام حاصل کرنے پر ایک لاکھ روپئے انعام دیا جائے گا۔ ضلع میدک میں اب تک 11.485 انجذابی گڑھوں کی کھدوائی و تعمیر عمل میں لائی گئی ہے جو کہ تحفظ آب میں بہتر معاون ثابت ہوں گے۔ آئندہ موسم باراں کے پیش نظر مشن کاکتیہ پروگرام کے دوسرے مرحلے میں انجام دیئے جانے والے کاموں میں معیار کو برقرار رکھنے سختی سے ہدایت دی۔ دوسرے مرحلے میں ضلع کو 1679 کاموں کی منظوری دی گئی ہے جن کے منجملہ ایک ہزارکاموں کا آغاز عمل میں لایا گیا۔ ماباقی کاموں کو اندرون ایک ہفتہ مکمل کرلیا جائے گا۔ ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ آئندہ موسم باراں میں  بارش زبردست انداز میں ہونے کی پیش قیاسی کی جارہی ہے۔ اس ویڈیو کانفرنس میں راملو نائیک، بھوپال ریڈی ایم ایل سی، ضلع جوائنٹ کلکٹر وینکٹ رام ریڈی، ضلع اے جے سی وینکٹیشورلو، سی ای او ضلع پریشد ورشنی، ڈی آر او دیانند، ضلع ڈی ای او محمد ناظم الدین، پراجکٹ ڈائرکٹر ستیہ نارائن ریڈی کے علاوہ ضلع کے دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT