Monday , October 22 2018
Home / ہندوستان / پاٹیدار لیڈروں کا کپل سبل کے ساتھ یکساں طیارے میں سفر

پاٹیدار لیڈروں کا کپل سبل کے ساتھ یکساں طیارے میں سفر

احمد آباد۔ 18 نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہاردک پٹیل کی قیادت والی پاٹیدار آرکشن آندولن سمیتی ( پی اے اے ایس) اور کانگریس کے درمیان تلخی کی قیاس آرائیوں کے درمیان کل دہلی میں پارٹی کے سینئر لیڈروں کے ساتھ ملاقات سے قاصر رہنے والے پاٹیدار سمیتی کے چار قائدین نے ریزرویشن کے معاملے پر ثالثی کرنے والے سابق مرکزی وزیر کپل سبل کے ساتھ آج نئی دہلی میں ہوائی اڈے پر ملاقات کی اور ان کے ساتھ ایک ہی فلائٹ سے بڑودہ کیلئے روانہ ہوئے ۔ پاٹیدار سمیتی کی جانب سے دہلی بھیجے گئے دنیش بانبھنیا، للت وسویا، منوج پنارا اور کریت پٹیل نے کپل سبل سے ملاقات کی۔ پاٹیدار ریزرویشن کے معاملے پر بات چیت کیلئے ان لیڈروں کی کل کانگریس لیڈروں سے ملاقات نہیں ہوپائی تھی جس پر بانبھنیا اور ریاست کے دیگر قائدین نے بھی سخت بیان دیا تھا اور کانگریس کو سبق سکھانے کی وارننگ بھی دے ڈالی تھی۔ ادھر کانگریس کے سینئر لیڈر اور ریاستی انچارج اشوک گہلوٹ نے کہا تھا کہ انہیں پاٹیدار قائدین کے دہلی میں ہونے کے بارے میں پتہ ہی نہیں تھا۔ پاٹیدار لیڈروں نے ریاستی صدر بھرت سنہہ سولنکی پر اُن کا فون کال کا جواب نہ دینے کا بھی الزام لگایا تھا۔ ایسی قیاس آرائی بھی تھی کہ پاٹیدار کے یہ لیڈر ریزرویشن تحریک کے بجائے گجرات اسمبلی انتخابات کیلئے اپنے اور دیگر پاٹیدار لیڈروں کو کانگریس کا ٹکٹ دینے پر بحث کرنا چاہتے تھے ۔ وسویا نے آج نئی دہلی ہوائی اڈے سے یو این آئی کو فون پر بتایا کہ ان کی کپل سبل سے فی الحال مختصر ملاقات ہوئی ہے ۔ وہ اور ان کے تین ساتھی اور کپلسبل انڈیگو فلائٹ میں ایک ساتھ بڑودہ جارہے ہیں ۔ اگر ہاردک کی رضامندی ہوئی تو وہ بڑودہ میں کپل سبل کے ساتھ رسمی بات چیت کر سکتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT