Monday , January 22 2018
Home / کھیل کی خبریں / پاکستان، نیوزی لینڈ الیون کیخلاف120 رنز سے فاتح

پاکستان، نیوزی لینڈ الیون کیخلاف120 رنز سے فاتح

نیلسن۔3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے ونڈے سیریز شروع ہونے سے پہلے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ الیون کو 120 رنز سے شکست دی ۔نیلسن میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ الیون نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ50 اووروں میں 9 وکٹوں کے نقصان پر341 رنز بنائے ۔ہدف کا تعاقب کرنے اتری نیوزی لینڈ الیون کی ٹیم شاداب خان اور فہیم اشرف کی بہترین بولنگ کے سامنے 47.1 اوورز میں221 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔نیوزی لینڈ الیون کی جانب سے مچل ڈیوڈسن 54 رنز بنا کر نمایاں رہے ، دیگر کھلاڑیوں میں جیک بوائل اور بین بیکروفٹ نے فی کس 20 رنز اسکور کئے جبکہ بھرت پوپلی16 اور نیوزی لینڈ الیون کی قیادت کرنے والے فریسر کولسن 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ فہیم اشرف نے 2، محمد عامر، حسن علی، فخر زمان اور رومان رئیس نے فی کس ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے پہلے پاکستان کے اوپنرس فخر زمان اور اظہر علی نے اننگز کا شاندار آغاز کیا اور دونوں نے اپنی سنچری مکمل کی۔اظہر علی 104 اور فخر زمان نے 106 رنز بنائے اور آؤٹ ہوئے بغیر اننگز سے ریٹائرڈ ہو گئے تاہم بعد میں پاکستانی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور کوئی بھی بیٹسمین کریز پر زیادہ دیر ٹک نہیں سکا۔پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 6، شعیب ملک ایک رن اور حفیظ 5 رنز ہی بنا سکے تاہم بعد میں حسن علی نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے چار چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 15 گیندوں پر 36 رنز بنائے اور ٹیم نے مقررہ 50 اوور میں نو وکٹوں کے نقصان پر341 رنز بنائے ۔نیوزی لینڈ کی جانب سے انیکت پاریک نے سب سے زیادہ 3، مارک کریگ نے 2، جے ڈی بیکر اور ایم ڈی رائے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ونڈے سیریز کا پہلا میچ 6 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT