Sunday , September 23 2018
Home / کھیل کی خبریں / پاکستانی ترانہ گانے کا شاخسانہ

پاکستانی ترانہ گانے کا شاخسانہ

دو کشمیری کرکٹ ٹیموں کے خلاف ایف آئی آر درج

سری نگر، 7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں پولیس نے دو کرکٹ ٹیموں اور کرکٹ ٹورنامنٹ کے منتظمین کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے ۔ دونوں کرکٹ ٹیموں پر الزام ہے کہ ان کے کھلاڑیوں نے کرکٹ مقابلے سے قبل پاکستان کا قومی ترانہ ‘پاک سرزمین’ گایا ہے ۔ ایک کرکٹ ٹیم پر یہ بھی الزم ہے کہ اس کے کھلاڑیوں نے پاکستانی بین الاقوامی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی جانب سے پہنی جانے والی وردی پہن رکھی تھی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلے میں کچھ گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئی ہیں۔ ان کے خلاف پولیس تھانہ بانڈی پورہ میں غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلق ایکٹ کے سیکشن 13 کے تحت ایف آئی آر نمبر 4آف 2018درج کی گئی ہے ۔ پاکستان کا قومی ترانہ گانے اور پاکستانی ٹیم کی وردیاں پہننے کا تازہ واقعہ ضلع بانڈی پورہ کے ارن میں کھیلے جانے والے کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل مقابلے میں پیش آیا ہے ۔ ملوث ٹیموں کی شناخت ایم سی سی گوندی پورہ اور دردپورہ کرکٹ کلب کے بطور کی گئی ہے ۔ تاہم یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ جب کشمیر میں کرکٹ ٹیموں یا کھلاڑیوں کے خلاف پاکستان کا قومی ترانہ گانے یا پاکستانی ٹیم کی وردی پہننے کے جرم میں مقدمہ درج ہوا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT