Sunday , December 17 2017
Home / ہندوستان / پاکستانی دہشت گرد نوید کا آج لائی ڈیٹکٹرٹسٹ

پاکستانی دہشت گرد نوید کا آج لائی ڈیٹکٹرٹسٹ

نئی دہلی ۔17اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) این آئی اے کو آج  دہلی کی عدالت سے لشکر طیبہ کے دہشت گرد محمد نوید یعقوب کا لائی ڈیٹکٹرٹسٹ کرنے کی اجازت مل گئی ۔ اُسے دیہی عوام نے قابو میں کر کے پولیس کے حوالے کردیا تھا ۔قبل ازیںاُس نے بی ایس ایف کی ایک بس کو اودھم پور کے علاقہ میں حملہ کا نشانہ بنایا تھا جس سے بی ایس ایف کے دو ارکان عملہ ہلاک ہوگئے تھے ۔ یہ واقعہ جاریہ ماہ کے اوائل میں پیش آیا تھا ۔ نوید کی عمر 20سال سے کچھ زیادہ ہے ‘ اُسے ایک عدالت میں پیش کیا گیا ۔ انسداد دہشت گردی محکمہ نے ڈی این اے اور آواز کے نمونے حاصل کرنے کی اجازت عدالت سے لے  لی ۔ نوید کا لائی ڈیٹکٹرٹسٹ جو 24اگست تک این آئی اے کی تحویل میںرہے گا کل 11بجے دن سنٹرل فارنسک سائنس لیباریٹری پی جی او کامپلکس میں کیا جائے گا ۔ اس کے تفتیش کنندوں نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ غلط بیانی سے کام لے رہاہے ۔عدالتی کارروائی کے دوران جس کی فلم بندی بھی کی گئی ‘ ضلع جج امرناتھ نے این آئی اے کی پالی گراف ٹسٹ کے لئے درخواست قبول کرتے ہوئے نوید سے اس کی رضامندی بھی حاصل کرلی ۔ نوید پاکستان کے شہر فیصل آباد کا شہری ہے ۔ نوید نے اردو میں تحریری طور پر ٹسٹ کیلئے اپنی آمادگی ظاہر کی ۔ جرم کی سنگین نوعیت کے پیش نظر اس کی یہ سونچی سمجھی رائے تھی کہ پالی گراف ٹسٹ ضرورت ہونے پر حقائق اور حالات جاننے کیلئے کیا جاسکتا ہے ۔ اس سے اس واقعہ کی مکمل طور پر وضاحت ہوجائے گی ۔ جج نے کہا کہ وہ این آئی اے کو اجازت دیتے ہیں کہ ملزم کو سنٹرل فارنسک سائنس لیباریٹری پی جی او کامپلکس لودھی روڈ نئی دہلی 18اگست کو 11بجے دن پالی گراف ٹسٹ کیلئے منتقل کیا جائے ۔ کئی جھول موجود ہیں خاص طور پر نوید کی دراندازی کے راستے اور وادی کشمیر میں چند افراد سے اس کے روابط کے بارے میں بیان میں کئی کوتاہیاں پائی جاتی ہیں ۔ این آئی اے کے ایک سینئر عہدیدار نے جو اس تحقیقات میں شامل ہیں امید ظاہر کی کہ لائی ڈیٹکٹرٹسٹ سے سچائی بے نقاب ہوجائے گی ۔

TOPPOPULARRECENT