Tuesday , December 11 2018

پاکستانی صحافی عاصمہ شیرازی کیلئے صحافت کا عالمی اعزاز

واشنگٹن، 25 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی صحافی عاصمہ شیرازی نے رواں برس کیلئے پیٹر ماکلیر ایوارڈ برائے جرات مندانہ اور اخلاقی صحافت جیت لیا۔ پیٹر ماکلیر ایوارڈ کی پراجیکٹ ڈائریکٹر کامیل ماکلیر نے گذشتہ روز واشنگٹن میں عاصمہ کیلئے اس اعزاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’’محترمہ شیرازی نے اپنے کیریئر میں ہر دِن صحافت کی اخلاقیات کیلئ

واشنگٹن، 25 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی صحافی عاصمہ شیرازی نے رواں برس کیلئے پیٹر ماکلیر ایوارڈ برائے جرات مندانہ اور اخلاقی صحافت جیت لیا۔ پیٹر ماکلیر ایوارڈ کی پراجیکٹ ڈائریکٹر کامیل ماکلیر نے گذشتہ روز واشنگٹن میں عاصمہ کیلئے اس اعزاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’’محترمہ شیرازی نے اپنے کیریئر میں ہر دِن صحافت کی اخلاقیات کیلئے جو حوصلہ اور جذبہ دکھایا ہے، اسے تسلیم کرتے ہوئے ہم انتہائی پرجوش ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ عاصمہ شیرازی نے پاکستان بھر میں تعصب سے پاک اور غیرجانبدار معلومات کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے اپنی زندگی کو خطرے میں ڈالا اور جان سے مارے جانے کی دھمکیوں کی بھی پروا نہ کی۔ عاصمہ شیرازی کو یہ ایوارڈ ہفتہ کو واشنگٹن کے نیشنل پریس کلب میں دیا جائے گا۔ امریکہ میں میڈیا واچ ڈاگ رپورٹرز وِد آؤٹ بارڈرز کی ڈائریکٹر ڈیلفین ہالگینڈ کا کہنا ہے کہ شیرازی کو دیا گیا ایوارڈ ان لوگوں کے حوصلے کو خراج تحسین پیش کرتا ہے جو پاکستان میں معلومات تک آزاد رسائی کیلئے لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں 2013 ء میں سات صحافیوں کو پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران ہلاک کر دیا گیا۔ شمالی امریکہ کیلئے فرانسیسی خبررساں ادارہ اے ایف پی کے ڈائریکٹر ڈیوڈ ملیکین نے بھی کہا ہے کہ خطرات کے باوجود پاکستان میں تنازعات اور سیاسی امور کی رپورٹنگ کیلئے عاصمہ شیرازی نے عظیم حوصلہ اور ثابت قدمی دکھائی جسے تسلیم کیا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT