Friday , November 24 2017
Home / Top Stories / پاکستانی فوج کے سربراہ کی وزیراعظم سے ملاقات

پاکستانی فوج کے سربراہ کی وزیراعظم سے ملاقات

جنرل راحیل شریف اور نواز شریف کا صیانتی مسائل پر تبادلہ خیال
اسلام آباد ۔ 9 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے آج وزیراعظم پاکستان نواز شریف سے ملاقات کی اور داخلی و علاقائی صیانتی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ جاریہ ماہ وزیراعظم امریکہ کا دورہ کرنے والے ہیں۔ جہاں وہ مبینہ طور پر امریکی قیادت سے ہندوستان کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے مسئلہ پر بات چیت کریں گے۔ آج کے اجلاس میں جنرل راحیل شریف نے وزیراعظم نواز شریف کو اپنے دورہ جرمنی و برطانیہ کی تفصیلات سے واقف کروایا جہاں انہوں نے مختلف فورموں سے خطاب کیا تھا اور ہندوستان اور افغانستان کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کے بارے میں اظہارخیال کیا تھا۔ سربراہ فوج اور وزیراعظم نے آپریشن ضرب عضب کے دوران پیشرفت پر بھی بات چیت کی۔ پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر اور شمالی وزیرستان میں صیانتی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ خارجی صیانتی صورتحال مشرقی اور مغربی سرحدوں پر بھی بات چیت کا موضوع تھی۔ فوج کے سربراہ کی وزیراعظم پاکستان سے ملاقات ایسے وقت ہوئی ہے جبکہ وزیراعظم نے ایک دن قبل ہی فیصلہ کیا تھا کہ مبینہ خط قبضہ اور کارگذار سرحد پر ہندوستان کی کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے مسئلہ پر امریکی قیادت سے بات چیت کی جائے گی۔ وزیراعظم پاکستان نواز شریف 22 اکٹوبر سے واشنگٹن کا دورہ کریں گے۔ روزنامہ ڈان کی خبر کے بموجب وزیراعظم نے کل اپنے آئندہ دورہ امریکہ کے سلسلہ میں کلیدی بااعتماد ساتھیوں اور کابینہ کے اعلیٰ سطحی وزراء سے بات چیت کی تھی۔

TOPPOPULARRECENT