Saturday , November 25 2017
Home / Top Stories / پاکستانی متنازعہ ماڈل قندیل بلوچ پراسرار حالات میں فوت

پاکستانی متنازعہ ماڈل قندیل بلوچ پراسرار حالات میں فوت

خاندان کی عزت نام پر بھائی کے ہاتھوں گلا گھونٹ کر ہلاک کرنے کا شبہ ، پولیس کو مفرور ملزم کی تلاش
اسلام آباد۔ 16 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی سوشیل میڈیا کی ایک انتہائی مقبول و پرکشش ماڈل قندیل بلوچ کو اس کے بھائی نے مبینہ طورپر ہلاک کردیا۔ اس طرح خاندانی عزت کے نام پر خواتین اور لڑکیوں کے قتل کے واقعات سے بری طرح متاثرہ اس ملک میں ناموس خاندان کیلئے قتل کا یہ تازہ ترین واقعہ ہے جو پاکستانی صوبہ پنجاب کے شہر ملتان میں پیش آیا۔ پولیس نے آج کہا کہ اداکار اور ماڈل 26 سالہ قندیل بلوچ کو کل رات ضلع ملتان میں ہلاک کردیا گیا۔ پولیس نے کہا ہے کہ قندیل کو غالباً اس کے بھائی وسیم نے ہلاک کیا جو اس واقعہ کے بعد سے فرار ہے ۔ ملتان کے ضلع پولیس سربراہ اظہر اکرم نے کہا کہ ’’وہ (قندیل) گلا گھونٹے جانے کے نتیجہ میں ہلاک ہوئی ہے ۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ خاندانی عزت کے نام پر کیا جانے والا قتل ہے لیکن ہم اس کی تحقیقات کررہے ہیں‘‘۔ مقتولہ کا اصل نام فوزیہ عظیم تھا لیکن ماڈلنگ کے پیشہ سے وابستگی کے بعد اس نے اپنا نام قندیل بلوچ رکھ لیا تھا ۔ سوشل میڈیا میں انتہائی مشتعل اور ہوش ربا انداز میں اپنے آپ کو پیش کرنے والی بلوچ کو اس کے انداز اور ماڈلنگ سے باز آجانے کیلئے مسلسل دھمکیاں موصول ہورہی تھیں۔ پولیس نے کہاکہ وسیم بھی فیس بُک پوسٹس اور ویڈیوز کے دریعہ اپنی بہن کو دھمکیاں دے رہا تھا ۔ روزنامہ ڈان نے خبر دی ہے کہ قندیل نے تین ہفتہ قبل پاکستان کے وزیرداخلہ ، ڈائرکٹر جنرل وفاقی تحقیقاتی اتھاریٹی ( ایف آئی اے ) اور اسلام آباد کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے سکیورٹی فراہم کرنے کی درخواست کی تھی ۔ قندیل نے کہاتھا کہ اس کی جان خطرہ میں ہے اور اس کو موبائیل پر دھمکیاں موصول ہورہی ہیں تاہم اس کے گھر پر سکیورٹی کے انتظامات نہیں ہیں۔ قندیل میڈیا میں ایک تہلکہ مچائی ہوئی تھی، ناقابل بیان حد تک نڈر اس لڑکی کو انتہائی متنازعہ سمجھا جارہا تھا ۔ سوشیل میڈیا پر وہ اکثر اپنی ہیجان انگیز تصاویر پوسٹ کیا کرتی تھی اور اس کے ہزاروں مداح تھے ۔ قندیل کئی مرتبہ اپنی اس خواہش کا اظہار بھی کی تھی کہ وہ سابق کرکٹر اور سیاسی رہنما عمران خان سے شادی کرنا چاہتی ہے ۔ قندیل کی ایک متنازعہ تصاویر کا ہی نتیجہ تھا کہ حال ہی میں ایک عالم دین مفتی عبدالقوی کو رویت ہلال کمیٹی سے معطل ہونا پڑا ۔

TOPPOPULARRECENT