Monday , December 11 2017
Home / کھیل کی خبریں / پاکستانی ٹیم کو سخت سکیورٹی فراہم کی جائے گی :گوتم بمبانوالا

پاکستانی ٹیم کو سخت سکیورٹی فراہم کی جائے گی :گوتم بمبانوالا

لاہور۔18 فروری (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان میں تعینات ہندوستانی ہائی کمشنر گوتم بمبانوالا نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم اگلے ماہ ہندوستان  میں مجوزہ  ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی۔ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں ہندوستانی ہائی کمشنر نے کہا ہے کہ ان کی گزشتہ رو ز پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہریار خان سے بھی ملاقات ہوئی جس میں کرکٹ کے معاملات تو زیر بحث نہیں آئے تاہم انہوں نے چیئر مین پی سی بی کو  وزیر اعظم نریندر مودی کا پیغام ضر ور پہنچایا جس میں انہو ں نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے ہندوستان ضرور آئے گی۔گوتم بمبانوالا نے مزید کہا ہے کہ پاکستا ن کے بغیر ورلڈ کپ کا کوئی مزہ نہیں ہوگا ۔ ٹیم کو ہندوستان  آمد پر سربراہ مملکت سے بڑھ کر سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

یاد رہے کہ چیئر مین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریار خان پاکستانی ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے وزیر اعظم نواز شریف سے دو مرتبہ مکتوب لکھ کر اجازت طلب کرچکے ہیں تاہم ابھی تک حکومت کی جانب سے پی سی بی کو کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔صورتحال کے پیش نظر ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی شرکت کے حوالے سے کرکٹ حلقوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ واضح رہے آئی سی سی کے فیچر ٹور کو بگ تھری کی تشکیل کے بعد ختم کئے جانے سے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان آئندہ 8 برسوں کے درمیان 6 باہمی سیریز منعقد ہونی تھی اور گزشتہ برس ڈسمبر میں ہندوستان کو پاکستان کے خلاف اِس سیریز کا پہلا مرحلہ مکمل کرنا تھا لیکن بی سی سی آئی کی جانب سے ٹال مٹول کے بعد ہندوستان نے تیسرے مقام پر بھی پاکستان کے خلاف سیریز کھیلنے سے انکار کیا تھا جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ورلڈکپ میں اپنی ٹیم کی شرکت کو حکومت کی اجازت سے مشروط کردیا ہے اور کہا ہے کہ سکیوریٹی وجوہات کی بناء پر پاکستانی ٹیم کو ورلڈکپ کے لئے ہندوستان کا دورہ کرنے پر خدشات لاحق ہیں اور اِس کے مقابلہ کسی تیسرے مقام پر منعقد کئے جانے چاہئیں۔ پاکستان کے ان خدشات پر بی سی سی آئی کی جانب سے پڑوسی ملک کی ٹیم کو بہتر سکیوریٹی فراہم کرنے کا تیقن دیا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT