Thursday , October 18 2018
Home / پاکستان / پاکستانی پنجاب میں گہرے اور کثیف دھند سے مسائل

پاکستانی پنجاب میں گہرے اور کثیف دھند سے مسائل

پاکستانی پنجاب کے چیف منسٹر شہباز شریف کی ہندوستانی پنجاب کے چیف منسٹر امریندر سنگھ سے اپیل
لاہور ؍ چندی گڑھ ۔ 21 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی صوبہ پنجاب کے چیف منسٹر شہباز شریف نے ہندوستانی پنجاب کے چیف منسٹر امریندر سنگھ کو دعوت دی کہ ایک علاقائی تعاون معاہدہ طئے کیا جائے تاکہ گہرے اور کثیف کہر اور آلودگی سے جس نے سرحد کی دونوں جانب عوام کو متاثر کردیا ہے، سے متحدہ طور پر مقابلہ کیا جاسکے ۔ امریندر سنگھ کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی اور ہندوستانی پنجاب کے عوام کو گہری کہر سے ماہ اکٹوبر اور نومبر میں مشکلات کا سامنا درپیش ہے۔ 19 نومبر کو روانہ کئے گئے مکتوب میں انہوں نے کہاکہ یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ یہ کہر صحت کیلئے مضر ہے خاص طور پر عمر رسیدہ اور بچوں کیلئے یہ انتہائی ضرر رساں ہے۔ گیہوں اور آلو کی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں جس کی وجہ سے شعبہ زراعت پر بھی منفی اثر مرتب ہورہا ہے۔ شہباز شریف نے جو سابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف کے چھوٹے بھائی ہیں، کہاکہ گہرے کہر کی وجہ سے صحت کیلئے مضر اثرات بھی پیدا ہورہے ہیں جو دھان کا بھوسا جلانے کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ سے اب لاہور، نئی دہلی اور دونوں ممالک میں دونوں شہروں کے ماورا دیگر علاقے بھی متاثر ہورہے ہیں۔ اس لئے وہ انہیں دعوت دیتے ہیں کہ کہر کے مسئلہ سے نمٹنے کیلئے ایک علاقائی تعاون معاہدہ کیا جائے۔ علاوہ ازیں ماحولیاتی آلودگی سے بھی متحدہ طور پر ہی نمٹا جاسکتا ہے اور اس کے نتیجہ میں دونوں صوبوں کے عوام کیلئے ایک خوشحال مستقبل حاصل کیا جاسکتا ہے۔ ہندوستان اور پاکستان کے تعلقات میں سلسلہ وار دہشت گرد حملوں کے پیش نظر پاکستانی پنجاب کے چیف منسٹر کا مکتوب ہندوستانی پنجاب کے چیف منسٹر کے نام ایک امید کی کرن ثابت ہورہا ہے۔ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال اور امریندر سنگھ نے اپنے ٹوئیٹر پر اس کی اطلاع دی۔ شہباز شریف نے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے پنجابی عوام کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگا اور دونوں ممالک کے پنجابی عوام متحدہ طور پر ٹیکنالوجی اور تجارتی طریقوں سے کہر پیدا ہونے کے ذرائع کا انسداد کرسکتے ہیں۔ حال ہی میں چیف منسٹر دہلی کجریوال اور چیف منسٹر ہریانہ کھٹر نے کہر کے مسئلہ سے نمٹنے کیلئے باہم تبادلہ خیال کیا تھا۔ دونوں پنجاب کے عوام کو حالیہ ہفتوں میں گہرے کہر کے مسائل کا سامنا ہے۔

TOPPOPULARRECENT