پاکستان انڈر19 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں داخل

کرائسٹ چرچ۔24 جنوری(سیاست ڈاٹ کام) انڈر19 ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں پاکستان نے علی زریاب کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کو یقینی فتح سے محروم کرتے ہوئے تین وکٹ سے کامیابی حاصل کی اور سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا جسے بولروں نے بالکل درست ثابت کر دکھایا۔شاہین آفریدی اور محمد موسیٰ کی عمدہ بولنگ کے سبب جنوبی افریقہ کی ٹیم صرف 43 رنز پر 4 وکٹوں سے محروم ہو گئی لیکن اس موقع پر وینڈائل میک ویٹو پاکستانی بولروں کے خلاف ڈٹ گئے۔انہوں نے 60 رنز کی اننگز کھیلنے کے علاوہ جین ڈیو پلیسی کے ساتھ پانچویں وکٹ کیلئے 59 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو مکمل تباہی سے بچایا۔ ڈیو پلیسی 21 اور جیسن نیمنڈ نے 36 رنز بنا کر نمایاں رہے۔جنوبی افریقہ کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں نو وکٹ کے نقصان پر 189 رنز کا اسکور بنایا۔پاکستان کی جانب سے محمد موسیٰ نے تین اور شاہین آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں پاکستانی ٹیم بھی کچھ زیادہ بہتر بیٹنگ مظاہرہ نہ کر سکی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے ہوئے 111 رنز پر پانچ کھلاڑیوں سے محروم ہو چکی تھی جس کے بعد ٹیم پر شکست کا خطرہ منڈلاتا ہوا نظر آنے لگا لیکن زریاب نے عمدہ بیٹنگ کی۔نوجوان بیٹسمین نے26 رنز بنانے والے محمد طحہٰ کے ساتھ 65 رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح کی دہلیز پر پہنچا دیا۔پاکستان نے طحہٰ کے ناقابل شکست 74 رنز کی اننگز کی بدولت 13 گیندوں قبل ہی ہدف حاصل کر کے تین وکٹ سے کامیابی کی ساتھ سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔علی زریاب کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT