Wednesday , November 21 2018
Home / کھیل کی خبریں / پاکستان ایشاکپ ہندوستان سے منتقل کرنے کا خواہاں

پاکستان ایشاکپ ہندوستان سے منتقل کرنے کا خواہاں

کراچی۔9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے ایشیا ایمرجنگ نیشنز کرکٹ کپ کی میزبانی کرنے کا ارادہ کر لیا اور اس معاملے میں روایتی حریف ہندوستان سے تنازعہ بھی مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے ایشین کرکٹ کونسل کے آئندہ اجلاس میں ایشیا ایمرجنگ نیشنز کرکٹ کپ کی میزبانی کی پیشکش کا منصوبہ بنا یاہے اور اس ارادے سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ واضح رہے کہ پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی اے سی سی کے سربراہ بھی ہیں جو آئندہ اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں مذکورہ ایونٹ کی میزبانی کی پیش کش کی جائے گی۔ اے سی سی اجلاس میں ایشیا کپ، انڈر 19 ایشیا کپ اور ایشین ایمرجنگ نیشنز کپ کی تاریخوں کا حتمی اعلان کیا جائے گا۔بی سی سی آئی نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنی حکومت کی مرضی کے بغیر پاکستان سے باہمی سیریز یا کوئی ایونٹ نہیں کھیلے گا۔ پی سی بی کے سینئر عہدیدار کے مطابق اے سی سی ٹورنمنٹ کی میزبانی کرنا چاہتے ہیں اور اگر ہندوستان ٹیم کھیلنے کیلئے پاکستان نہیں آئی تو پھر ایشیا کپ کیلئے ہندوستان نہیں جائیں گے۔ پی سی بی عہدیدارنے کہا کہ ہندوستان کے موقف کے باعث ایشیا کپ کا بائیکاٹ کرسکتے ہیں۔ امکان ہے کہ اگر پاکستان نے ایشیا کپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تو اے سی سی کو ٹورنمنٹ ہندوستان سے کسی دوسری جگہ منتقل کرنا پڑے گا۔ اے سی سی سے درخواست کی جائے گی کہ ایشیاء کپ کی میزبانی سری لنکا یا ملائیشیا کو سونپ دی جائے۔

TOPPOPULARRECENT