Monday , December 18 2017
Home / دنیا / پاکستان دہشت گردوں کیخلاف کارروائی میں ناکام : امریکہ

پاکستان دہشت گردوں کیخلاف کارروائی میں ناکام : امریکہ

واشنگٹن ۔ 3 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزارت خارجہ نے پاکستان پر ممنوعہ تنظیموں لشکر طیبہ، جیش محمد اور حقانی نیٹ ورک کے خلاف ٹھوس کارروائی نہ کرنے کا الزام لگایا ہے اور ایران کو دہشت گردی کی سب سے زیادہ سرپرستی کرنے والا ملک قرار دیا ہے۔ دنیا بھر میں دہشت گردی کے حوالے سے جاری سالانہ رپورٹ میں محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ 2015 میں دہشت گردی کے واقعات میں 2014 کی نسبت 13 فیصد کمی دیکھی گئی لیکن اس کے خطرے میں کمی نہیں آئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کی پہنچ میں اضافہ ہوا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کی رپورٹ کے مطابق عراق اور شام میں دولتِ اسلامیہ کے زیرِ قبضہ علاقوں میں کمی آئی ہے لیکن دنیا بھر میں دہشت گردی کا سب سے بڑا خطرہ اب بھی اسی تنظیم سے ہے۔ رپورٹ کے مطابق جنوبی ایشیا اب بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ کا فرنٹ لائن علاقہ ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کی سالانہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں پاکستانی فوج کی کارروائی سے القاعدہ کمزور ہوئی ہے لیکن رپورٹ کے مطابق ’افغانستان میں کئی حملے پاکستان میں موجود محفوظ پناہ گاہوں سے کیے گئے ہیں۔‘

TOPPOPULARRECENT