Tuesday , November 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / پاکستان سیریز پر بی سی سی آئی حکومت سے رجوع

پاکستان سیریز پر بی سی سی آئی حکومت سے رجوع

شیوسینا کے واقعہ پر پی سی بی سے ششانک منوہر کی معذرت خواہی
ممبئی ؍ کراچی ۔ 29 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے بورڈ سے کہا ہیکہ وہ حکومت سے اجازت طلب کرے گا کہ آیا دونوں ملکوں کے درمیان ڈسمبر کی طئے شدہ سیریز کو منصوبہ کے مطابق آگے بڑھایا جاسکتا ہے یا نہیں ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آج کہا کہ چیرمین شہریار خان کو صدر بی سی سی آئی ششانک منوہر کی طرف سے ایک مکتوب وصول ہوا جس میں کہا گیا کہ بی سی سی آئی نے ہندوستانی حکومت سے رابطہ کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات میں منعقد شدنی سیریز کے بارے میں قطعی رہنمائی چاہی ہے۔ چیرمین شہریارخان سے ششانک منوہر کے ساتھ طے شدہ ملاقات کی منسوخی پر باقاعدہ معذرت بھی کی گئی۔ پی سی بی کے میڈیا آپریشن منیجر امجد حسین نے بتایا کہ ’’ہمیں بی سی سی آئی کی جانب سے خط موصول ہوا ہے جس میں انھوں نے 19اکتوبر کوممبئی میں پیش آئے واقعہ پر معافی مانگی ہے‘‘۔بی سی سی آئی نے خط میں تحریر کیاہے کہ انھوں نے ہندوستانی حکومت سے روایتی حریفوں کے درمیان باہمی سیریز کی منظوری کیلئے بات کی ہے۔ شہر یارخان پی سی بی کے دو دیگر عہدیداروں کے ہمراہ بی سی سی آئی کے صدر ششانک منوہر سے گزشتہ سال طے شدہ معاہدے کے مطابق سیریز کے انعقاد کیلئے حتمی مذاکرات کرنے ہندوستان گئے تھے۔ تاہم مہاراشٹرا کی کٹر پسند جماعت شیو سینا کے کارکنوں نے ممبئی کے وانکھڈے اسٹیڈیم میں طے شدہ ملاقات کو سبوتاج کیا تھا جب 40سے 50 کے قریب کارکنوں نے بی سی سی آئی کے دفتر پر دھاوا بول دیا تھا۔پی سی بی پہلے ہی کہہ چکا ہیکہ اگر ہندوستان ڈسمبر میں پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار کردے تو اس کے پاس متبادل منصوبہ موجود ہے لیکن وہ ہنوز امید کرتا ہیکہ بی سی سی آئی اپنے عہد کی تکمیل کرے گا۔

TOPPOPULARRECENT