Wednesday , December 13 2017
Home / کھیل کی خبریں / پاکستان سے رواں سال کرکٹ سیریز طے نہیں : ٹھاکر

پاکستان سے رواں سال کرکٹ سیریز طے نہیں : ٹھاکر

ممبئی ، 13 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی) کے سکریٹری انوراگ ٹھاکر نے کہا ہے کہ رواں سال روایتی حریف پاکستان کے خلاف کوئی باہمی سیریز طے نہیں ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال ہندوستان نے پاکستان سے دوطرفہ سیریز کھیلنا تھا لیکن انڈین کرکٹ بورڈ نے دونوں ملکوں کے درمیان جاری کشیدہ تعلقات کو بنیاد بنا کر سیریز نہ کھیلنے کیلئے حیلے بہانوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ دونوں ملکوں کے درمیان پہلے متحدہ عرب امارات میں سیریز طے تھی لیکن ہندوستان کے اعتراض پر سیریز سری لنکا میں منعقد کرانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ تاہم ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے بارہا اصرار کے باوجود سیریز پر کوئی جواب نہ دیا جس کے بعد گزشتہ سال سیریز کی تمام تر امیدیں دم توڑ گئیں۔ اس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کو امید تھی کہ دونوں ملک گزشتہ سال نہ ہونے والی سیریز 2016ء میں کھیل لیں گے لیکن بی سی سی آئی سکریٹری نے اس امکان کو یکسر رد کردیا۔ انوراگ نے ٹوئٹر پر کہا کہ اس سال پاکستان کے خلاف کوئی باہمی سیریز طے نہیں، ہندوستان ان کے خلاف صرف ٹورنمنٹس میں ہی کھیلے گا۔ اس اعلان کے ساتھ پی سی بی کیلئے صورتحال انتہائی مشکل ہو گئی جو رواں سال سیریز کی آس لگائے بیٹھا تھا۔ سربراہ پی سی بی شہریار خان کہہ چکے تھے کہ ہندوستان سے سیریز نہ ہونے کی صورت میں ہونے والے نقصان کا ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا تھا کہ اگر ہندوستان نے معاہدے کی یادداشت پر عمل نہ کیا تو پاکستان بطور احتجاج پڑوسی ملک میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا بائیکاٹ بھی کر سکتا ہے ۔ اب دیکھنا ہے کہ اس اعلان کے بعد پی سی بی کیا لائحہ عمل اختیار کرے گا۔

TOPPOPULARRECENT