Monday , July 23 2018
Home / کھیل کی خبریں / پاکستان سے سیریز پر غور،9 ڈسمبر کو فیصلہ متوقع

پاکستان سے سیریز پر غور،9 ڈسمبر کو فیصلہ متوقع

نئی دہلی۔22 نومبر(سیاست ڈاٹ کام)ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹسٹ کا نیشنل اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (ناڈا)نے مطالبہ کیا تھا جس پر بی سی سی آئی نے آج وزیر اسپورٹس راجیہ وردھن سنگھ راتھوڑ سے ملاقات کرتے ہوئے تبادلہ خیال کرنے کے علاوہ آئی سی سی ٹسٹ چمپین شپ میں پاکستان کے خلاف سیریز کے متعلق حکومت کے فیصلہ سے آگہی حاصل کرنا تھا۔ ناڈا اس بات کا خواہاں ہے کہ ہندوستانی کھلاڑیوں کو بھی ڈوپ ٹسٹ کے معاملے میں اس کے تحت لائیں لیکن بورڈ نے ناڈا کی اس تجویز کو مسترد کردیا تھا، کیونکہ بی سی سی آئی کا پہلے ہی واڈا کے ساتھ معاہدہ ہے جو ڈوپ ٹسٹ کیلئے عالمی تنظیم ہے۔ بی سی سی آئی کا ایک اجلاس خاص 9 ڈسمبر کو منعقد شدنی ہے جس میں اب ناڈا کا مسئلہ بھی شامل کرلیا گیا ہے اور یہ فیصلہ راتھوڑ کے ساتھ بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا ہے۔ بی سی سی آئی کے سی ای او راہول جوہری اور جنرل مینیجر رتناکر شیٹی نے راتھوڑ کے ساتھ 45 منٹ طویل ملاقات کی۔ بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ وزیر کھیل کے ساتھ ہوئی ملاقات میں ناڈا اور واڈا کے مسائل پر تبادلہ خیال ہوا۔ علاوہ ازیں خصوصی اجلاس میں اس موضوع پر فیصلہ کئے جانے کے علاوہ پاکستان کے ساتھ آئی سی سی ایونٹ میں شرکت پر بھی بات ہوگی۔ وزارت اسپورٹس کا اس معاملہ پر فیصلہ ہنوز واضح نہیں ہے۔ علاوہ ازیں بی سی سی آئی کے کارگذار صدر سی کے کھنہ سے رابطہ کئے جانے کے بعد انہوں نے توثیق کردی ہے کہ ایجنڈہ میں اینٹی ڈوپنگ پالیسی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ بی سی سی آئی کے ایک اور عہدیدار نے توثیق کی ہے کہ راتھوڑ کے وزیر اسپورٹس بننے کے بعد سے ہی اس ملاقات کا منصوبہ بنایا گیا تھا، کیونکہ اس ملاقات میں پاکستان کے ساتھ کرکٹ تعلقات پر بھی بات کرنی تھی۔ عہدیدار نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ کرکٹ تعلقات کا احیاء کیا جانا ہے یا نہیں ، یہ صرف وزارت اسپورٹس ہی نہیں بلکہ وزارت داخلہ کے ساتھ بھی اس معاملے پر بات کی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT