Monday , November 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / پاکستان عالمی نمبر 1 ٹسٹ ٹیم بننے کے روشن امکانات

پاکستان عالمی نمبر 1 ٹسٹ ٹیم بننے کے روشن امکانات

پورٹ آف اسپین ، 22 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے جا رہے چوتھے اور آخری ٹسٹ میچ کا لگاتار دوسرا دن بارش کی نذر ہونے کے سبب میچ ڈرا ہونے کے قوی امکانات ہیں اور پاکستان کے عالمی نمبر ایک بننے کے امکانات روشن ہو چکے ہیں۔ پورٹ آف اسپین میں عالمی نمبر ایک ٹسٹ ٹیم ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے جا رہے چوتھے ٹسٹ میچ کے تیسرے دن بھی خراب موسم اور میدان کی حالت خراب ہونے کے سبب کوئی گیند پھینکی نہ جا سکی۔ ویسٹ انڈیز نے میچ کے پہلے دن ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلے دن بارش کے سبب محض 22 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا جس میں ویسٹ انڈیز نے 62/2 اسکور کئے تھے۔ میچ کا دوسرا دن مکمل طور پر بارش کی نذر ہو گیا جبکہ تیسرے دن بھی صورتحال مختلف نہ تھی اور امپائرز نے طویل انتظار کے بعد بغیر کوئی گیند پھینکے ہی دن کا کھیل ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ اب جبکہ میچ ختم ہونے میں محض دو دن باقی ہیں اور میچ کی چاروں اننگز باقی ہیں تو ایسے میں میچ ڈرا ہونے کے قوی امکانات ہیں اور اس صورت میں پاکستانی ٹیم عالمی نمبر ایک بن جائے گی۔ اس وقت عالمی درجہ بندی میں ہندوستان کی ٹیم پہلے، پاکستان دوسرے اور سری لنکا سے شکست کے بعد آسٹریلین ٹیم تیسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ ہندوستان کو عالمی نمبر ایک کے منصب پر فائض رہنے کیلئے سیریز میں کم از کم 3-0 سے کامیابی درکار تھی لیکن پورٹ آف اسپین ٹسٹ ڈرا ہونے کے بعد وہ اپنا اعزاز برقرار نہیں رکھ پائے گی اور یوں پاکستان ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار عالمی نمبر 1 بن جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT