Thursday , December 14 2017
Home / Top Stories / پاکستان مزید مؤثر کارروائی کرے : اوباما

پاکستان مزید مؤثر کارروائی کرے : اوباما

واشنگٹن ۔ 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ پاکستان شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کے معاملے میں درست سمت میں گامزن ہے تاہم اسے دکھانا ہوگا کہ وہ شدت پسند گروہوں کو کچلنے کے سلسلے میں سنجیدہ ہے۔اتوار کو واشنگٹن میں ہندوستانی خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ انڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں امریکی صدر نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ’پاکستان ایسے دہشت گرد گروہوں کے خلاف زیادہ موثر کارروائی کر سکتا ہے جو اس کی سرزمین سے کارروائیاں کرتے ہیں اور اسے ایسا کرنا بھی چاہیے‘۔ براک اوباما نے کہا کہ پاکستانی قیادت یہ سمجھ چکی ہے کہ خطے میں عدم استحکام خود پاکستان کی سلامتی کے لیے بھی خطرہ ہے اور پاکستان کی شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کی پالیسی درست ہے۔ ’وہ ایک صحیح پالیسی ہے۔ اس (پشاور کے آرمی سکول پر حملے) کے بعد سے ہم نے دیکھا ہے کہ پاکستان نے کئی مخصوص گروہوں کے خلاف کارروائیاں کی ہیں اور ساتھ ہی ہم نے پاکستان میں مسلسل دہشت گردی کے واقعات بھی دیکھے ہیں جیسے کہ حال ہی میں شمال مغربی پاکستان میں یونیورسٹی پر حملہ ہوا۔‘ براک اوباما نے کہا کہ ’پاکستان کے پاس موقع ہے کہ دکھائے کہ وہ دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کا قلع قمع کرنے اور غیر قانونی قرار دینے میں سنجیدہ ہے۔‘ ان کا یہ بھی کہنا تھا اس خطے (جنوبی ایشیا) اور دنیا بھر میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کو بالکل برداشت نہیں کیا جانا چاہیے اور دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا چاہیے۔ امریکی صدر نے ان خیالات کا اظہار ایک ایسے موقع پر کیا ہے جب بھارت کی جانب سے پٹھان کوٹ کے فضائی اڈے پر حملے کے الزامات پاکستان کی ممنوعہ شدت پسند تنظیم جیشِ محمد پر لگائے گئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT