Saturday , November 25 2017
Home / پاکستان / پاکستان میں انکاؤنٹر ‘ 6 عسکریت پسند ہلاک

پاکستان میں انکاؤنٹر ‘ 6 عسکریت پسند ہلاک

کراچی 12 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے کراچی شہر میں ہوئے ایک انکاؤنٹر میں ممنوعہ تحریک طالبان پاکستان گروپ سے تعلق رکھنے والے چھ عسکریت پسند ہلاک ہوگئے ۔ کہا گیا ہے کہ یہ عسکریت پسند بیرونی شہریوں اور سینئر پولیس عہدیداروں پر حملوں کا منصوبہ بنا رہے تھے ۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس راؤ انور نے کہا کہ فائرنگ کا تبادلہ اس وقت ہوا جب پولیس پارٹی نے ایک مکان پر دھاوا کیا جہاں عسکریت پسند روپوش تھے ۔ پولیس پارٹی نے انٹلی جنس اطلاعات ملنے کے بعد منگھوپیر علاقہ میں فلٹر پلانٹ کے قریب یہ دھاوا کیا تھا ۔ کہا گیا ہے کہ یہ تمام عسکریت پسند تحریک طالبان پاکستان سوات گروپ سے تعلق رکھتے تھے اور یہ لوگ بیرونی شہریوں اور سینئر پولیس عہدیداروں کو دہشت گرد حملوں کا نشانہ بنانے کا منصوبہ بنا رہے تھے ۔ راؤ انور نے کہا کہ ہم نے ایک بڑی دہشت گردی کی کوشش کو ناکام بنادیا ہے اور ہمارے دو پولیس عہدیدار فائرنگ کے تبادلہ میں زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو چھ عسکریت پسند ہلاک ہوئے ہیں ان میں ان کا کمانڈر حیدر علی بھی شامل ہے جبکہ دوسرے شخص کی عبداللہ کی حیثیت سے شناخت ہوئی ہے جو سوات سے تعلق رکھتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ یہاں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود وغیرہ بھی ضبط کیا گیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT